مداح کا امیتابھ بچن سے اظہار محبت کا دلچسپ انداز

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کے دنیا بھر میں لاکھوں مداح ہیں، ایک مداح نے اداکار کے لیے اپنی محبت کا دلچسپ انداز میں اظہار کیا۔

بھارتی نژاد امریکی نے امیتابھ بچن کا بڑے سائز کا مجسمہ 60 لاکھ روپے میں بنواکر اپنے نئے گھر کے سامنے نصب کردیا، مجسمہ ’کون بنے گا کروڑ ‘ کے انداز میں بنایا گیا ہے۔

نیوجرسی امریکا سے تعلق رکھنے والے گوپی نے27 اگست کو امیتابھ بچن کے مجسمے کی تقریب تنصیب کا انعقاد کیا، جس میں بالی ووڈ لیجنڈ کے مداحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

امیتابھ بچن کے اس مداح نے سوشل میڈیا پر تصاویر اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیں کہ ہم نے سر امیتابھ بچن کا مجسمہ اپنے نیو جرسی کے نئے گھر کے سامنے نصب کردیا ہے۔

گوپی جو 1990 میں بھارتی صوبے گجرات سے امریکا شفٹ ہوئے تھے اور گزشتہ 30 برس سے بگ بی فیملی ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ چلا رہے ہیں، نے امیتابھ بچن کی خوب تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ میرے اور میری بیوی کے لیے امیتابھ بچن کسی دیوتا سے کم نہیں ہیں، ہمیں اُن کی پردے کے ساتھ ساتھ حقیقی زندگی بھی متاثر کرتی ہے۔

بالی ووڈ لیجنڈ کے مداح نے مزید کہا کہ وہ جس طرح عوام کے درمیان خود کو سنبھال کر رکھتے ہیں، وہ جس انداز میں بات کرتے ہیں اور اپنا پیغام موثر انداز میں پہنچاتے ہیں، سب کچھ متاثر کن ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن منکسر المزاج ہیں، وہ اپنے مداحوں کا خیال رکھتے ہیں، وہ کئی دوسرے فلمی ستاروں جیسے نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ میں اُن کا مجسمہ اپنے گھر کے باہر رکھنا چاہتا ہوں۔

گوپی نے انکشاف کیا کہ امیتابھ بچن کو گھر کے باہر رکھے گئے مجسمے سے متعلق پتا ہے، انہوں نے گفتگو کے دوران عاجزی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں اس نوعیت کے سلوک کا مستحق نہیں ہوں، لیکن بات چیت کے دوران انہوں نے ہمیں ایسا کرنے سے روکا بھی نہیں۔

بالی ووڈ لیجنڈ 1969 سے فلم نگری سے وابستہ ہیں، انہوں نے اب تک کئی 100 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جن میں سے کئی سپر ہٹ ثابت ہوئیں، کچھ فلمیں اب بھی ریلیز کی منتظر ہیں۔