پاکستان اور بھارت کی ICC رینکنگ میں بہتری

متحدہ عرب امارات میں 27 اگست کو ہونے والے اہم ایونٹ ایشیاء کپ 2022ء سے قبل پاکستان اور بھارت کی آئی سی سی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت نے فہرست میں ایک درجے ترقی حاصل کر لی ہے۔

حالیہ رینکنگ میں ایک درجے بہتری کے بعد بھارت کا تیسرا جبکہ پاکستان کا چوتھا نمبر ہے۔
رینکنگ میں بہتری نے دونوں ٹیموں کو اہم پوائنٹس حاصل کرنے میں مدد دی ہے جو پاکستان نے نیدرلینڈز کو 0-3 سے وائٹ واش کرنے کے بعد جبکہ بھارت نے زمبابوے کے خلاف سیریز جیت کر حاصل کیے ہیں۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان کے پاس 107 ریٹنگ پوائنٹس جبکہ بھارت کے پاس111 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔

دونوں ٹیمز نے اپنی اپنی سیریز کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب 28 اگست (اتوار) کو ایشیاء کپ میں آمنے سامنے ہوں گی۔