شاہین شاہ کی جگہ محمد حسنین قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے

نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کو گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

محمد حسنین اب تک 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انگلینڈ کی لیگ دی ہنڈرڈز کھیلنے کے سلسلے میں انگلینڈ میں موجود محمد حسنین دبئی میں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

دوسری جانب آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر منگل کی صبح پاکستان سے روانہ ہوکر دبئی میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے، وہ نیدرلینڈز ٹور کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں شامل عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ لیں گے۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلا جانے والا ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا، قومی کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ شارجہ میں 2 ستمبر بروز جمعہ کوالیفائر ٹیم سے کھیلے گی جبکہ سپر فور کے میچز 3 سے 9 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈی پینڈنٹ اسپیشلسٹس نے تازہ ترین اسکینز اور رپورٹس کی روشنی میں شاہین شاہ آفریدی کو 4 سے 6 ہفتے آرام کی تجویز دی تھی۔

فاسٹ بولر اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ان کی ممکنہ طور پر نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں ہونے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کرکٹ میں واپسی ہو گی۔