پاکستانی دستاویزی فلم کی ایمی ایوارڈز میں نامزدگی

پاکستانی نژاد امریکی دستاویزی فلم ساز محمد علی نقوی جنہیں گزشتہ ماہ آسکر اکیڈمی کے ممبران میں شامل ہونے کا اعزاز ملا، اب ان کی دستاویزی فلم ’ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر‘ کو ایمی ایوارڈز میں نامزدگی مل گئی ہے۔

محمد علی نقوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی دستاویزی فلم کے پوسٹر اور ایمی ایوارڈز میں نامزدگی کی تصویر کا کولاج شیئر کرتے ہوئے اپنے فالوورز کو یہ بڑی خوشخبری دی ہے۔
اُنہوں نے کولاج شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ہماری دستاویزی فلم ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر کو ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے!‘
اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے لیے بنائی گئی پانچ حصّوں پر مشتمل یہ دستاویزی فلم نیویارک میں11 ستمبر 2001 کو ہونے والے حملوں کے ساتھ ساتھ امریکا اور افغانستان کے درمیان ہونے والے واقعات پر مبنی ہے۔

برائن نیپنبرگر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس دستاویزی سیریز کا آغاز 9/11 کے المناک واقعات سے ہوتا ہے۔

یہ دستاویزی فلم 2021 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی دستاویزی فلموں میں ٹاپ 10 کی فہرست میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔