دھمکیوں کا سلسلہ جاری، سلمان خان نے اپنی سیکیورٹی خود سنبھال لی

جان کو لاحق خطرے کے پیشِ نظر بھارتی دبنگ ہیرو، سلمان خان نے اپنی حفاظت آپ کرنے کی ٹھان لی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے تاحال جان سے مار دینے جیسی دھمکیوں کا سامنا ہے۔

سلمان خان نے لارنس بشنوئی کی جانب سے جان لیوا حملوں سے بچنے کے لیے اپنی گاڑی تبدیل کرنے سمیت اسلحہ رکھنے کے لائسنس کے لیے بھی درخواست جمع کروائی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سلمان خان نے اپنی حفاظت کے لیے گاڑی تبدیل کر کے بلٹ پروف گاڑی کا استعمال شروع کر دیا ہے، سلمان خان کو ممبئی پولیس کی جانب سے اپنے ساتھ آتشی اسلحہ رکھنے کا لائسنس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ممبئی پولیس کی جانب سے سلمان خان کو دھمکی دینے کے الزام میں سوربھ مہاکال نامی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان خان خود کو ملنے والی دھمکیوں کی تردید کرتے رہے ہیں مگر اب وہ اِن دھمکیوں سے متعلق کافی سنجیدہ نظر آ رہے ہیں۔