پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر21لاکھ70ہزار سے زائد مریضوں کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم، ڈائریکٹر او پی ڈی ڈاکٹر آصف جاوید، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ مسز میمونہ ستار، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اس سالانہ رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے انتظامی ڈاکٹرز سے کہا کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کا علا ج معالجہ،دیکھ بھال اور صحت یابی کے لئے اقدامات اُن کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ ہسپتال اور طب کی دنیا میں مریض ہی سب سے اہم ہوتا ہے اور پورا نظام اس کی صحت یابی کے گرد گھومتا ہے لہذا ہر پل مریضوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں اوربہترین دیکھ بھال و خوش اخلاقی سے پیش آ کر نیکیاں سمیٹیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ ایل جی ایچ اس حوالے سے بہت خوشگوار روایت کا امین ہے اور انہیں مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ ایم ایس سمیت انتظامی ڈاکٹرز تمام شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ مسلسل کو آرڈینیشن رکھا کریں تاکہ ہسپتال آنے والے کسی شخص کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر فوکل پرسن ایمر جنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے بتایا کہ یکم جولائی2021سے30جون2022تک شعبہ حادثات میں 10لاکھ 31ہزار642مریض لائے گئے جنہیں بر وقت طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ادویات، سی ٹی سکین، آپریشن کا سامان و دیگر تشخیص ٹیسٹ مفت کیے گئے۔ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے پرنسپل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آؤٹ ڈور میں 11لاکھ38ہزار405مریضوں کا طبی معائنہ ہواجبکہ اس دوران 74210 مریضوں کو داخل کر کے علاج کیا گیا اور اس عرصے کے دوران مختلف نوعیت کی30925 سرجری ہوئی اور18107 مریضوں کے بلا معاوضہ ڈائلسز کیے گئے۔ایم ایس نے بتایا کہ 5756افراد کی گیسٹرو سکوپی ہوئی اور2914فائبرو سکین،737مریضوں نے نیورو انجیو گرافی سے استفادہ حاصل کیا،نیز52561سی ٹی سکین،اور1583 مریضوں کی شعاعوں سے گردوں کی پتھری،140670مریضوں کے الٹرا ساؤنڈ اور85096ایکسرے ہوئے۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے ہسپتال کی کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین محنت، فرض شناسی سے دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں اور اس سال کی طرح آئندہ بھی تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کو یقینی بناتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کو مثالی ادار ہ بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔

===================================