سونو نگم کی حدیقہ کیانی کے ہمراہ ان کے گانے پر پرفارمنس وائرل

بالی ووڈ کے معروف گلوکار سونو نگم کی پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی کے ہمراہ ان کے گانے پر پرفارم کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر حدیقہ کیانی کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک کنسرٹ میں پرفارم کر رہی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں حدیقہ کیانی کے ساتھ بھارت کے لیجنڈری گلوکار سونو نگم کو بھی اسٹیج پر دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سونو نگم حدیقہ کیانی کے ساتھ اُن کا گانا ’ہونا تھا پیار‘ گا رہے ہیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ کنسرٹ کب ہوا اور نہ ہی موسیقی کی دنیا کے دو بڑے ناموں نے اس ویڈیو کے حوالے سے کوئی بیان جاری کیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر دونوں معروف گلوکاروں کو ایک ساتھ پرفارم کرتا دیکھ کر ان کے پرستار بےحد خوش ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ’ہونا تھا پیار‘ گانا شعیب منصور کی ہدایت کاری میں بننے والی پاکستان کی مشہور فلم ’بول‘ کا حصہ تھا۔

اس سُپر ہٹ گانے کو حدیقہ کیانی اور عاطف اسلم نے گایا تھا۔