روشنی میں سونے سے انسان موٹا ہوسکتا ہے، (تحریر’ تحقیق ۔ طارق اقبال)

روشنی میں سونے سے انسان موٹا ہوسکتا ہے، (تحریر’ تحقیق ۔ طارق اقبال)

اگر کسی سے یہ پوچھا جائے کہ موٹاپا کیوں چڑھتا ہے تو زیادہ امکان یہی ہے کہ اس کا جواب ہوگا زیادہ کھانے سے۔ اگر یہ سوال ڈاکٹر سے کیا جائے تو ممکن ہے کہ وہ موٹاپے کی ذمہ داری Junk food پر ڈال دے اور اگر یہی سوال سائنس دان کے سامنے رکھا جائے تو شاید وہ سوچتے ہوئے یہ کہے کہ موٹاپے کے بہت سے عوامل ہیں، لیکن اس کی اہم وجہ ایک خاص جین ہے۔ لیکن اگر ہم آپ سے یہ کہیں کہ رات کو بلب جلا کر سونے سے انسان موٹا ہوجاتا ہے تو ممکن ہے کہ آپ یہ سوچیں کہ ہم مذاق کررہے ہیں۔
حال ہی میں سائنس دانوں نے ایک طویل تحقیق کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ جوافراد رات کو بلب جلا کر سوتے ہیں، ان میں موٹا ہونے کا امکان کہیں زیادہ بڑھ جاتا ہے، خاص طورپر خواتین میں۔
سائنس دانوں نے یہ دعویٰ کوئی چند ہفتوں یا چند مہینوں کی تحقیق کے بعد نہیں کیا بلکہ اس تحقیق کا دائرہ چالیس برسوں پر پھیلا ہوا ہے۔ طبی جریدے American Journal Of Epidemiologyمیں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے ایک لاکھ تیرہ ہزار سے زیادہ خواتین کے صحت کے ریکارڈ کو اس تحقیق میں شامل کیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تحقیق موٹاپے کے بارے میں نہیں تھی بلکہ اس کا مقصد خواتین میں چھاتی کے کینسر کی وجوہات اور اسباب کا پتا لگانا تھا۔
لندن میں قائم انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ریسرچ میں ہونے والی اس تحقیق میں ایک لاکھ سے زیادہ خواتین کی زندگی کے 40 برسوں کا مشاہدہ اور مطالعہ کیا گیا ۔ ان کے کھانے پینے ، رہنے سہنے، سونے جاگنے کے معمولات، اور انہیں لاحق ہونے والی بیماریوں کےریکارڈکو پرکھا گیا۔
سائنس دانوں کا کہناہے کہ موٹے افراد میں کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔تحقیق سے یہ پتا چلا کہ بلب جلا کر سونے سے وزن میں اضافے کا امکان بڑھ جاتا ہے، اس لیے دوسرے لفظوں میں روشنی میں سونے والوں میں کینسر کا خطرہ بھی دوسرے لوگوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے۔
لندن کے انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ریسرچ کی تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیق میں شامل ان خواتین کے وزن میں اضافہ ہوا جنہیں روشنی میں سونے کی عادت تھی۔
تحقیق سے منسلک پروفیسر انتھونی سورڈلو کہتے ہیں ہمارا ہاضمے کا نظام سونے اور جاگنے سے متاثر ہوتا ہے۔ اور ہمیں اپنی تحقیق سے معلوم ہوا ہےکہ رات کے وقت روشنی جلا کرسونے کا موٹاپے سے گہرا تعلق ہے۔لیکن اس وقت ہم یہ نہیں بتاسکتے کہ اس کی وجہ کیا ہے۔ یہ جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ایک اور سینیئر ریسرچ آفیسر ڈاکٹر میتھیو لیم کہتے ہیں کہ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اندھیرے میں سونے سے موٹاپے پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے لیے جامع ریسرچ کی ضرورت ہوگی۔