اے بی ڈی ویلیئرز پر کوہلی کا پہلا تاثر کیا پڑا تھا؟

جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے پہلے تاثر کے بارے میں بتادیا۔ 
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے بی ڈی ویلیئرز نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے بارے میں اپنا پہلا تاثر ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوچتے تھے کہ کوہلی اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں تھوڑا سا مضطرب تھا۔
ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ’میں اور ویرات پہلے سے ایک دوسرے کو جانتے تھے لیکن ہمیں زیادہ کچھ معلوم نہیں تھا اور جب ویرات کے ساتھ ملاقات ہوئی اور ہماری دوستی ہوئی تو میں نے اُنہیں بتایا کہ وہ اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں تھوڑے مضطرب تھے اور یہ میرا ابتدائی تاثر تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ہماری مناسب دوستی اس وقت شروع ہوئی جب میں نے 2011 میں RCB کے لیے کھیلنا شروع کیا، شاید یہ تب ہے جب ہم اچھے دوست بننا شروع ہوئے۔‘
سابق کرکٹر نے کہا کہ ’میں ایسا انسان ہوں کہ میں ہر وقت سب کے ساتھ رابطے میں نہیں رہتا ہوں لیکن ویرات کے ساتھ رابطے میں ہوتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم دونوں میں بہت سی بنیادی باتیں مشترک ہیں جس طرح سے ہم کھیل کھیلتے ہیں وہ کافی مماثل ہے، وہ فائٹر ہے اور میرا تعلق اس کے کھیل کے انداز سے ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہا۔  اس سے قبل اے بی ڈی ویلیئرز نے سال 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ ڈی ویلیٸرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ، 228 ون ڈے اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔