گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا معصوم ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی سندھ میں کیا سیکھنے آیا ہے ؟

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا معصوم ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی سندھ میں کیا سیکھنے آیا ہے ؟

کراچی6جنوری 2022: ڈائریکٹرجنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمٰن قمبرانی نے کہا ہے کہ گوادر میں سرمایہ کاری کرنے والے بلڈرز اور ڈیولپرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے،گوادر پورٹ سٹی کی ترقی میں آباد اہم کردار ادا کرسکتی ہے،گوادر میں سیکیورٹی کے مسائل حل ہوگئے ہیں،جلد گوادر انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کریں گے جس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ یہ بات انھوں نے آباد ہاؤس کے دورے کے موقع پر بلڈرز اور ڈیولپرز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن،وائس چیئرمین الطاف ستار کانٹا والا،چیئرمین سدرن ریجن سفیان آڈھیا،سابق چیئرمین محمد عارف جیوا،جنید اشرف تالو،ڈائریکٹر گوادر ٹاؤن پلانر شاہد علی اور آباد کے ممبران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مجیب الرحمٰن قمبرانی نے مزید کہا کہ گوادر کا ماسٹر پلان منظور ہوچکا ہے،جلد ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ گوادر میں سرمایہ کاری کرنے والے بلڈرز اور ڈیولپرز کے این او سیز سمیت دیگر مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حنیف میمن نے کہا کہ گوادر ایک انٹرنیشنل ٹریڈ حب ہے جو سینٹرل اشیا،ساؤتھ اشیا اور مڈل ایسٹ کو آپس میں جوڑتا ہے،گوادر پورٹ کا فعال ہونا اور اس کی ترقی اصل میں پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی ہے۔حنیف میمن نے کہا کہ آباد گوادر کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے لیکن گوادر میں آباد کے ممبرز بلڈرز اور ڈیولپرز کو این اوسیز، لینڈ ٹائٹلز سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلڈرز اور ڈیولپرز نے گوادر میں اراضی خرید کر این او سیز بھی حاصل کرلی تھیں اس کے باوجود ٹائٹلز کے ایشوز پر متعدد این او سیز منسوخ کی گئیں،میری ڈی جی گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے گزارش ہے کہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے این او سیز سمیت دیگر مسائل حل کیے جائیں تاکہ وہ گوادر کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔حنیف میمن نے کہا کہ گوادر میں ترقیاتی اسکیموں کے لیے ون ونڈو آپریشن کا نظام تو نافذ کیا گیا ہے تاہم پھر بھی اسکیموں کی منظوری میں غیر معمولی تاخیر ہورہی ہے،اس کے علاوہ انفرا اسٹرکچر،پانی،بجلی کی سہولت اور سڑکوں کی تعمیر نہ ہونے کے باعث تعمیراتی اسکیمیں التوا کا شکار ہیں۔اس موقع پر آباد کے سابق چیئرمین جنید اشرف تالو اور دیگر ممبران نے اپنے تحفظات پیش کیے جنھیں گوادر ٹاؤن پلان کے ڈائریکٹر شاہد علی نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔