کترینہ کیف سارے بندھنوں کو توڑ کر’ سارے رشتوں کو بھلاکر اپنے تمام دوستوں سے منہ موڑ کر زندگی کے خوابوں کے سارے نقوش مٹاکر ایک نیا جہاں بسانے کیلئے وکی کوشل کیساتھ نکل پڑی ہے


تحریر : سہیل دانش
=================
کترینہ کیف سارے بندھنوں کو توڑ کر’ سارے رشتوں کو بھلاکر اپنے تمام دوستوں سے منہ موڑ کر زندگی کے خوابوں کے سارے نقوش مٹاکر ایک نیا جہاں بسانے کیلئے وکی کوشل کیساتھ نکل پڑی ہے۔ محبت کی ان انجان راہوں پر جہاں سے گزر کر اسے ایک نئی منزل تک پہنچنا تھا۔ جہاں وکی کوشل کی شکل میں اس کی آرزوئوں اور تمنائوں کی انجمن بانہیں پھیلائے اس کی منتظر تھی۔ شاید آج کوشل بھی محبت میں کھوکر دنیا و مافیا سے بے خبر جذبات کا ایک طوفان اپنی آنکھوں میں چھپائے بڑی میٹھی نظروں سے اس حسینہ کو دیکھ رہا ہوگا۔ جس نے گزشتہ دو دہائیوں سے بولی ووڈ میں ہلچل مچارکھی ہے اور شاید کترینہ کے دل کی یہی آواز ہوگی کہ کاش یہ انمول لمحے یہ زندگی کے رس میں ڈوبی ہوئی رنگین ساعتیں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اس کی بانہوں میں مقید ہوجائیں اور وہ اپنی ساری عمر ایک دلفریب اور حسین خواب کے سائے تلے گزار دے۔16 جولائی 1983ء کو ہانگ کانگ میں آنکھ کھولنے والی 38 سالہ کترینہ کیف ایک طلسماتی اور سحر انگیز شخصیت کی مالک ہے۔ شاید 16 سال کی عمر تک اس نے خود بھی نہیں سوچا ہوگا کہ ایک دن اسے نہ صرف دنیا کی خوبصورت ترین خواتین میں شمار کیا جائے گا۔ بلکہ بالی ووڈ میں وہ اپنے حسن کے اس طرح جلوے بکھیرے گی۔ کہ ہر کوئی ایک نظر میں اس پر فریفتہ ہوجائے گا۔ اگر کسی اداکارہ کی فالوئنگ 10 کروڑ سے تجاوز کرجائے تو یہ سمجھنا بے جا نہ ہوگا کہ اس کا ڈنکا بج رہا ہے۔ اور اس انڈین فلم انڈسٹری میں شہرت اور پسندیدگی کے نت نئے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔ جب اس نے انڈسٹری میں قدم رکھا۔ تو سلمان خان کا نام اس کی شخصیت پر اس طرح چسپاں ہوگیا جیسے کسی پروڈکٹ پر برانڈ کا نام چسپاں ہوتا ہے۔ اس نے آتے ہی روشنیوں کی دنیا کے دھنک کے خوبصورت رنگوں میں اپنا سارا وجود رنگ لیا۔ وہ اونچی سے اونچی اڑان اڑتی چلی گئی۔ اس کے ہونٹوں پر مدھر فلمی گیت مچلنے لگے۔ جس نے دیکھا وہ اس کا دیوانہ ہوگیا۔ شاید آج سلمان سوچ رہا ہو۔ کہ میں نے اس کا دل دکھاکر اچھا نہیں کیا۔ کترینہ کے ساتھ گزرے ہوئے وقت کا ایک ایک لمحہ اسے یاد آرہا ہوگا۔ لیکن نہیں۔ اس کی زندگی کا ریکارڈ بتاتا ہے کہ وہ اس سفر میں انہی اطوار کا کھلاڑی ہے۔ سپراسٹار ہے۔ لڑکیوں سے ایسی لچھے دار باتیں کرتا ہے جیسے کوئی افسانہ لکھ رہا ہو۔ ایک پوری فہرست ہے۔ سنگیتا بجلانی سے ایشوریہ رائے تک اور اس کا معمول رہا ہے اس نے متعدد رومانس کئے اور جو بھی عشق کرتا ہے۔ ڈنکے کی چوٹ پر کرتا ہے۔ سلمان کی بے اعتنائی کے بعد کترینہ کیف بھی اسی راستے پر چل پڑی۔ شاید اسے بھی کسی چھائوں کی ضرورت تھی۔ ہر ایک عورت کی طرح اس کی بھی خواہش تھی کہ وہ شادی کرکے اپنا گھر بسائے۔ اس خواہش اور کوشش کے سفر میں وہ رنبیر کپور کے قریب آئی۔ لیکن نہ جانے پھر کیا ہوا کہ وہ رنبیر کپور جس کے کمرے میں کترینہ کی تصویریں اس طرح آویزاں تھیں جیسے باغوں میں پھولوں اور پودوں کی قطاریں نظر آتی ہیں۔ پھر یہ خبریں آئیں کہ رشی کپور اور نیتو سنگھ نے اپنے بیٹے کو بتادیا تھا۔ کہ کترینہ کیف بہو کی حیثیت سے ان کے لئے قابل قبول نہیں۔ وہ رنبیر کے خیالوں میں گم تھی۔ اس حقیقت سے بے خبر کہ اس کی دوسری چوائس بھی کہیں کھوتی جارہی ہے۔ رنبیر کپور سے دور ہوجانے کے بعد وہ ذہنی الجھن کا شکار ضرور ہوئی۔ لیکن ظاہر ہے کسی سپر اسٹار کی طرح وہ روگ لگانے والی نہیں تھی۔ اس نے ریکھا کی طرح اس دیوانگی کا مظاہرہ نہیں کیا جیسے ریکھا نے امیتابھ بچن کی محبت میں گرفتار ہوکر اس کا اظہار کیا تھا۔ کیونکہ کترینہ کیف کی پوری اٹھان ہی مغربی کلچر میں ہوئی تھی۔ اس نے بھی رنبیر کپور کو اپنی زندگی سے اس طرح نکالا۔ جیسے کوئی پانی کے چھپاکے مار کر چہرے سے میک اپ اتارتا ہے۔ وقت تیزی سے گزرتا رہا۔ اس نے ”یاد” کے روک کو اپنی لغت سے باہر نکال پھینکا۔ اس عرصے میں وہ کچھ وقت اکشے کمار کے قریب آئی۔ لیکن اسے معلوم تھا۔ کہ یہ سلمان سے بھی زیادہ ”بے وفائی” کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ روینہ ٹنڈن’ شلپا سیٹھی اور دیگر بہت سی اداکارائوں کے ساتھ اکشے کی بے وفائی کے قصے عام تھے۔ کترینہ کچھ عرصے ریتھک روشن کے قریب بھی رہی۔ لیکن اس نے اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ دوستی اور پھر مختلف راستے پر چل پڑنے میں کبھی بھی کوئی چبھن محسوس نہیں کی۔ لیکن سلمان خان وہ واحد شخص ہے جو اس کی زندگی میں ہلکے ہلکے سروں میں ستار کی دل فریب موسیقی کی طرح داخل ہوا تھا۔ اپنے تمامتر غیر متوقع اور غیر یقینی رویوں کے باوجود وہ اس کی محبت جکڑی رہی۔ وہ جب بھی ملتے اسے محسوس ہوتا جیسے دریا کی لہروں سے اٹھکیلیاں کرتی ہوئی چاند کی کرنوں کا رقص دیکھ رہی ہے۔ لیکن سلمان خان ہمیشہ عشق کو اتنا پیچیدہ بنادیتا ہے کہ اس شعر کے مصداق
بچھڑ کر چلے جائیں تم سے کہیں
تو یہ نہ سمجھنا ہمیں محبت نہیں
اب وہ زندگی کی 38 بہاریں دیکھ چکی تھی۔ شاید یہی وجہ تھی کہ وہ وکی کوشل کی محبت بھری آفر کے بعد بتدریج آہستہ آہستہ اس کی طرف بڑھتی چلی گئی۔ اس کی اداسی مسکراہٹ میں بدلی اور اس نے بالآخر کوشل کا ہاتھ تھامنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی فلم انڈسٹری میں محبتوں اور شادیوں کے چرچے ہر دور میں رہے۔ خواہ راج کپور ہوں یا دلیپ کمار۔ راج کپور سے نرگس اور دلیپ کمار سے مدھو بالا کے رومانس کے چرچے 50 کی دہائی میں بھارتی فلم انڈسٹری میں گونجتے رہے۔ یہ دونوں اداکار باہم ایک دوسرے کے آمنے سامنے بھی رہے۔ ان میں مقابلے اور مسابقت کی کشمکش بھی چلتی رہی۔ اور کہیں یہ بھی ہوا کہ دونوں کی نظر کبھی ایک ہی ہیروئن پر پڑی۔ اور پھر ان کے مابین سرد جنگ بھی چلتی رہی۔ دھرمیندر اور ہیما مالنی کے رومانس کے چرچے بھی ہوئے۔ لیکن پھر یہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ اب ہیمامالنی سے دھرمیندر کی دو بیٹیاں ہیں۔ ریکھا اور امیتابھ بچن کی محبتوں کے قصے زد و عام تھے۔ اگر جیا بہادری بیچ میں آکر ہاتھ پائوں نہ چلاتی تو اس نشست پر ریکھا کا قبضہ یقینی تھا۔ ڈمپل کپاڈیہ اور راجیش کھنہ کا عشق چلا اور جلد شادی میں بدل گیا۔ راجیش کھنہ کا وہی حال رہا۔ کہ ان کے رومانس کی تعداد درجنوں میں ہے۔ نہ جانے کتنی ایسی ہیروئنیں تھیں جو راجیش کھنہ سے رومانس کرنے کی پاداش میں گھر بار سے نکالی گئیں۔ راجیش کھنہ اور ڈمپل کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ کی شادی اکشے کمار سے ہوئی۔ یہاں پر ایک موقع ایسا آیا کہ اکشے روینہ ٹنڈن سے شادی کرنے ہی والا تھا کہ ٹوئنکل نے شور مچادیا۔ اکشے کمار بھی اپنے سسر کی طرح رومانس کا بادشاہ ثابت ہوا۔ مادھوری ڈکشٹ اور انیل کپور کے چرچے بھی ہوئے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اپنے دور میں مادھوری کے آگے تمام ہیروئنز کا رنگ ماند پڑگیا تھا۔ اس کی موہنی صورت اور مسکراہٹ پر کروڑوں لوگ فریفتہ تھے۔ شاہ رخ کے ساتھ اس کے بڑے بے تکلفانہ مراسم تھے۔ لیکن ان دونوں نے کمال مہارت سے کسی کو کانوں کان خبر نہ ہونے دی۔ سلمان خان بھی اپنی روش سے باز نہ آئے۔ انہوں نے مادھوری پر بھی اپنی محبت جتانے کا فن استعمال کیا۔ لیکن ان کا کوئی اسکینڈل نہیں بنا۔ سری دیوی اپنے وقت کی ٹاپ ہیروئن تھیں۔ ان کے بھی کئی معاشقوں کی بازگشت سنائی دی۔ لیکن انہوں نے بالآخر بونی کپور سے شادی کرلی۔ انڈیا کی بہت سی اداکارائوں نے اپنے سے کم عمر نوجوانوں سے شادی کی۔ جن کی ایک مثال پریانکا چوپڑا بھی تھیں۔ لیکن ان تمام کی کوشش یہ ہی رہی کہ ان کا شوہر مالدار ہو۔ مدھو ڈکشٹ نے امریکہ کے ایک ممتاز ہندو سرجن بنیئے سے شادی کی۔ اس طرح پریانکا نے نک جونس سے شادی کرلی۔ بھارتی فلم انڈسٹری نے بے شمار باصلاحیت فنکاروں کو متعارف کرایا۔ اگر ہم پاکستان کی فلم انڈسٹری سے اس کا تقابلی جائزہ لیں تو نظر آتا ہے کہ بالی ووڈ کے وسائل ہماری انڈسٹری سے کئی سو گنا زیادہ ہیں۔ بالی ووڈ نے ایک حقیقتاً انڈسٹری کا روپ دھار لیا ہے جہاں سالانہ کئی درجن فلمیں بنتی ہیں۔ ان میں سے ایک ایک سو سو کروڑ کا بزنس کرتی ہیں۔ ان کا سرکٹ ہمارے مقابلے میں 50 گنا بڑا ہے۔ ان کی اقدار اور روایات میں لبرل ازم بہت زیادہ ہے۔ ان کا سنسر بورڈ نیم برہنہ فلموں کو بھی پاس کردیتا ہے۔ کسنگ ان کی فلموں میں معیوب نہیں سمجھی جاتی۔ ان کے پاس گو کہ درجنوں ہیرو ہیں لیکن آج تک شاہ رخ’ سلمان اور عامر خان کا سکہ چل رہا ہے۔ ہاں اکشے کمار کی بھی بیشتر فلموں نے باکس آفس پر شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
کترینہ کیف اور کوشل کا رومانس گزشتہ سال سے شروع ہوا اور اس بار کترینہ نے ہاں کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اور چٹ منگنی اور پٹ بیاہ کے مصداق دونوں نے اس کی ڈیٹ رکھنے میں بھی عجلت پسندی دکھائی۔ یہ شادی راجستھان کے شہر سوائی مادھوپور سے 18 کلو میٹر دور ایک پہاڑی چوڑی پر چوتھکا پرورا کے مقام پر ایک 7 سو سال پرانے قلعہ میں ہوئی۔ جسے اب ایک ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس کا نام سسکس سینسر فورٹ ہوٹل ہے۔ 120 افراد کو باضابطہ طور پر اس شادی میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ سنہری نیلے اور سفید رنگ کا خوبصورت کارڈ کترینہ اور کوشل نے مل کر ڈیزائن کیا۔ کئی نامور اداکار بھی اس شادی میں شریک ہوئے ہیں۔ یہاں پر مہمانوں کے علاوہ ڈرائیوروں اور سیکورٹی حکام سمیت دیگر عملے کیلئے بھی قریبی ہوٹلوں میں بکنگ کروائی گئی ہے۔
بالی ووڈ کے ستاروں نے جھیلوں کے شہر اودھے پور میں شادی کی ہے۔مگر مادھوپور میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی شادی ہے۔
7 دسمبر کو اس شادی کی تقریبات کا آغاز سنگت سے ہوا۔ 8 دسمبر کو رسم کی مہندی ادا کی گئی جس میں دنیا کی مشہور سوجت مہندی منگوائی گئی۔ اس شادی کی اسٹریمنگ حقوق 120 کروڑ میں دیئے گئے ہیں۔ مشہور شخصیات اپنی شادی کی فوٹیج’ تصاویر’ بڑے میگزینز اور بعض اوقات چینلز اس قسم کی تقریبات کے رائٹس حاصل کرتے ہیں۔ او ٹی ٹی اسٹریمنگ سروس نے کترینہ اور کوشل کی شادی کی فوٹیج کیلئے 100 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔ دپیکا پدوکون اور رنویز سنگھ کی شادی میں بھی اس کی کوریج کیلئے اس قسم کی پیشکش کی گئی تھی۔ کترینہ کیف بالی ووڈ کی ٹاپ ہیروئنز میں شمار ہوتی ہیں۔ ان کا قد 5 فٹ 5 انچ یا 1.68 میٹر ہے۔ ان کے والد کا نام محمد کیف اور والدہ سوزانئے ٹریکوٹ ہے۔ کترینہ کے پاس انگلستان اور بھارت کی نیشنلٹی ہے۔
کترینہ ایک ایسی حسین اداکارہ ہے جس کی چمک دمک اور محسور کن حسن پر افسانہ لکھا جاسکتا ہے۔ اداکاری کے فن کو ان کی جاذبیت’ بے ساختگی نے ایک نیا رخ دیا ہے۔ شاید وہ آج سوچ رہی ہوں کہ کوشل کو اپنا جیون ساتھی بناکر اپنی سوچوں’ خواہشوں اور آرزوئوں کی خواہش پوری ہوپائی ہے۔ لیکن ان کا بروقت یہ فیصلہ ان کی زندگی اور فن کو مزید چمک دمک سے منور کردے گا۔ یہ کترینہ کی زندگی کا حسین انوکھا اور فیصلہ کن موڑ ہے۔ گڈلک کترینہ آپ کو شادی مبارک ہو۔
٭٭٭٭٭٭.