ڈپٹی کمشنر قصورفیاض احمد موہل کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کیمپ آفس میں منعقد ہوا۔


قصور(میاں خلیل صدیق آرائیں سے)ڈپٹی کمشنر قصورفیاض احمد موہل کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کیمپ آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر پرویز اقبال‘ پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر امتیاز احمد اولکھ،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر محمد آصف،ڈی ایچ او ڈاکٹر حفیظ الرحمن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد خالد،ڈپٹی ڈائریکٹر سو شل ویلفیئر محمد اکبر رضا سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ز اور ڈپٹی ڈی ایچ اوز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں قومی انسداد پولیو مہم 13سے 17دسمبر 2021تک منعقد ہو رہی ہے جس کیلئے مربوط لائحہ عمل تشکیل دیدیا گیا ہے تا کہ کوئی بھی بچہ پولیو قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 5لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے جبکہ 6ماہ سے 5سال تک عمر کے بچوں کو وٹا من اے کے کیپسول بھی کھلائے جائینگے۔ مہم کی کامیابی کیلئے 1882موبائل ٹیمیں، 131فیکسڈ ٹیمیں، 74ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تا ہم 117سپروائزرزاور 382ایریا انچارجز تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 4ہزار473پولیو ورکرز بھی ڈیوٹی دینگے۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے متعلقہ افسران کوپولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور تمام علاقوں میں ٹیمز کی پہنچ کو ممکن بنانے کیلئے تیار کردہ میپ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ تمام محکمہ جات ملکر کام کریں تا کہ مہم کے سوفیصد نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول ضرور پلوائیں اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔