سابق آئی ٹی وزیر نعمان سہگل کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا

کراچی (اسد ابن حسن) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے سابق وزیر آئی ٹی نعمان سہگل کو نجی بینک کا بھاری قرضہ نہ ادا کرنے اور نادہندہ ہونے پر گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی اے سی بی سی کراچی میں درج ایف آئی آر نمبر 22/2021 میں تحریر ہے کہ 2010ء میں ملزم نعمان سہگل نے ایک نجی بینک سے اپنے بزنس کو ترقی دینے کے لئے 9لاکھ 15ہزار 244روپے قرض لیا مگر قسطیں ادا کرنے سے اجتناب کیا اور بعد میں مذکورہ بینک ایک اور دوسرے نجی بینک میں ضم ہوگیا۔ اس کے بعد ملزم کو بار بار نوٹسز بھیجے گئے کہ وہ قرضہ ادا کردے مگر اس نے ان نوٹسز کو اہمیت ہی نہیں دی جس کے بعد بینک نے بینکنگ کورٹ میں پٹیشن دائر کی جس پر بینک کے حق میں فیصلہ ہوا اور ملزم کے خلاف ڈگری جاری کردی گئی مگر اس کے باوجود قرض کی اقساط ادا کرنے کی کوشش نہیں کی گئی جس کے بعد بینک نے ایف آئی اے کو درخواست دی کہ ملزم کے ذمے اصل قرض کی رقم اور انٹرسٹ ملا کر ایک کروڑ 79لاکھ 15ہزار 455روپے واجب الادا ہیں لہٰذا قانونی کارروائی کی جائے۔

https://e.jang.com.pk/detail/5233%22