آصف علی کا رن نہ لینے کا فیصلہ درست تھا: ہمایوں سعید

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ آصف علی نے 18ویں اوور کی آخری بال پر رن نہ لینے کا فیصلہ درست کیا تھا۔

ہمایوں سعید نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آصف علی کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی اُن کے لیے تعریفی پیغام بھی جاری کیا۔
اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ماشاءاللّہ! ایک اور زبردست میچ، ایک اور بڑی جیت۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’آصف علی، کیا پُراعتماد کھلاڑی ہے، اس اوور کو کھیلنے کا انتخاب کرنا، ایک درست فیصلہ تھا اور ساتھ ہی جس طرح سے اُنہوں نے چھکے مارے وہ شاندار تھا۔‘

ہمایوں سعید نے کہا کہ ’شاباش آصف علی جبکہ بابر اعظم کی بھی اننگز اچھی تھیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’فائنل میں پہنچنے کے ہمارے امکانات روشن نظر آ رہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے میچ میں آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنا دیا۔

افغانستان کے خلاف جارحانہ اننگز کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے آصف علی کا کہنا ہے کہ خود پر اعتماد تھا کہ ٹارگٹ پورا کر لیں گے ، شعیب ملک سے ایک اوور پہلے کہا تھا کہ آخری اوور میں 25رنز بھی ہوئے تو بنا لیں گے۔
دوسری جانب ورلڈ کپ ٹی 20 کے گروپ 2 میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنلسٹ کی فہرست میں اپنی جگہ مضبوط کرلی ہے۔