آصف علی کے چھکوں نے ناقدین کو جواب دیا ہے: عاصم اظہر

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے کہا ہے کہ پاک افغان میچ کے سُپر اسٹار آصف علی نے اپنی پرفارمنس سے اپنے ناقدین کو جواب دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں عاصم اظہر نے کہا کہ ’آصف علی کی حالیہ شاندار پرفارمنس نے اُن تمام لوگوں کے منہ بند کردیے ہیں جو اُنہیں بڑے میچ کا پلیئر نہیں سمجھتے تھے۔‘

عاصم اظہر نے کہا کہ ’اگلی بار جب آصف علی کسی مشکل پِچ (یا کسی دوسرے کھلاڑی) کے سامنے کھڑے ہوں گے تو سامنے والے کو یاد آجائے گا کہ یہ کتنا خطرناک کھلاڑی ہے۔‘

گلوکار نے مزید کہا کہ ’ہر اچھے اور بُرے وقت میں قومی کرکٹرز اور ٹیم کا ساتھ دیں۔‘

اُنہوں نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی جوکہ پاکستان کی فتح کے وقت بنائی گئی تھی جس میں عاصم اظہر کو جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

عاصم اظہر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’پاکستان ٹیم نے اُنہیں اُن کی سالگرہ کا سب سے بہترین تحفہ دیا ہے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ رات افغانستان سے میچ میں آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنا دیا۔