آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں عالمی شہرت یافتہ مصور مسعود اے خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ، دانشور و ادیب انور مقصود کی خصوصی شرکت مسعود اے خان کے فن پارے آپ سے باتیں کرتے ہیں ،ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مسعود کو کوریا کے آنر ایوارڈ سے نوازا گیا ماضی کی نسبت اب صورتحال مختلف ہے ،ہمارے مصوروں کے فن پارے پوری دنیا میں نمائش کے لئے جاتے ہیں، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ

واٹر کلر کا میڈئم نہایت مشکل ہے ،جسے سنبھالنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، لیکن واٹر کلر مصور مسعود اے خان کے گھر کی لونڈی ہے ، مسعود کے فن پارے آپ سے بات کرتے ہیں ،ان کی تصاویر میں موسیقی کی تان،آلاپ نظر آتے ہیں، مسعود محبت و انسانیت سے اپنے فن پارے کی تخلیق کرتے ہیں، ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مسعود اے خان کو کورین اونر ایوارڈ سے نوازا گیا، ان خیالات کا اظہار معروف دانشور و ادیب انور مقصود نے کراچی آرٹس کونسل کی جانب سے معروف مصور مسعود اے خان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے کیا ، بین الاقوامی شہرت یافتہ مصور مسعود اے خان کو کوریا کے شہر سیول میں ہونے والی جیوجی انٹرنیشنل آرٹ فیسٹیول میں ان کے فن پاروں کو سراہتے ہوئے آنر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ، واضح رہے کہ آرٹ کے اس بین الاقوامی میلے میں 61ممالک کے 283 مصوروں نے شرکت کی تھی لیکن ایوارڈ صرف 6فن کاروں کو دیئے گئے جن میں واحد پاکستانی مسعود اے خان تھے ،مسعود اے خان کی اس کامیابی کو سراہنے کے لئے آرٹس کونسل کراچی میں ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مسعود اے خان آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کرافٹ کے فکلیٹی ممبر ہیں ، ہماری فکلیٹی کے اساتذہ جانفشانی سے اپنا کام کر رہے ہیں ،حوصلہ افزاءبات ہے کہ اب پاکستان کے مصوروں کے فن پارے پوری دنیا میں نمائش کے لئے جاتے ہیں ،احمد شاہ نے مزید کہا کہ جب ہمارے آرٹ اسکول کا قیام عمل میں آیا تب حالات اتنے ساز گار نہیں تھے لیکن اب شب و روز کی محنت سے بڑے مصور اور فن کار ہماری فکلیٹی کا حصہ بن رہے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد آرٹس کونسل سے متصل فیضی آرٹ گیلری میں آرٹ میوزیم بنایا جائے گا جہاں دنیائے مصوری کے بڑے استادوں اور مصوروں کے فن پارے رکھے جائیں گے ، اس موقع پر آرٹس اسکول کے پرنسپل شاہد رسام نے کہا کہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے شکر گزار ہیں کہ وہ فن کاروں کی پزیرائی کرتے ہیں ،آرٹس کونسل کی اس روایت کو توڑا ہے کہ لوگوں کو ان کے مرنے کے بعد نہیں بلکہ ان کی زندگی میں ہی کامیابیوں پر مبارکباد دیں ، مصور مسعود اے خان نے اپنی پزیرائی پر آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری احمد شاہ صاحب تک رسائی شاہد رسام نے ممکن بنائی ،مجھے اُمید نہ تھی کہ آرٹس کونسل میری کامیابی کو اس طرح منائے گا ، احمد شاہ کا شکرگزار ہوں کہ میری اتنی پزیرائی کی ،انہوں نے حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہا ں میوزیم نہ ہونے کے برابر ہیں ،اس طرف توجہ دی جائے، امن کے لئے آرٹ کا فروغ بے حد ضروری ہے ، تقریب کے اختتام پر مسعود اے خان نے اپنی ایک پینٹنگ انور مقصود کو تحفے میں دی جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور انور مقصود نے مسعود اے خان کو گلدستہ پیش کیا ۔