گائے کو قومی جانور قراردیا جائے: الہ آباد ہائی کورٹ کی تجویز

الہ آباد ہائی کورٹ نے گؤ کشی کے ایک معاملے میں درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران سخت ریمارکس دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو تجویز دی ہے کہ گائے کو قومی جانور قرار دیا جائے اور اس کے تحفظ کو ہندوؤں کا بنیادی حق قرار دیا جائے۔ گؤ کشی کیس میں ماخوذجاوید نامی ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شیکھر یادو نے اپنے سخت تبصرے میں مزید کہا کہ’ہم جانتے ہیں کہ جب کسی ملک کے تہذیب و ثقافت اور اس کے عقیدے کو نقصان پہنچایا جاتا ہے تو ملک کمزور ہوجاتا ہے‘۔