امانت علی ابرار الحق کے حق میں بول پڑے

گلوکار امانت علی بھی پی ٹی آئی رہنما اور گلوکار ابرار الحق کے آج کل کی ماؤں پر دیے بیان پر اُن کی حمایت میں سامنے آگئے۔

امانت علی نے کہا کہ ابرارالحق نے کچھ غلط نہیں کہا، اور نہ ہی انہوں نے کسی خاتون یا ماں پر تنقید کی ہے، بس انہوں نے سچ کہا جس میں ہم سب شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سچ میں ہمارے لیے بیداری کا سامان ہونا چاہیئے ناکہ ہمیں اُلٹا ابرارلحق پر ہی تنقید کرنی چایئے۔

گلوکار نے لکھا کہ ’ہر چیز پر تنقید کر کے اسکا اُلٹا چہرہ پیش کرنا ضروری نہیں ہوتا۔‘

امانت علی نے یہ بھی واضح کیا کہ ابرار الحق نے ایک سال کی عمر میں یا والدہ کی گود میں بیٹھ کر ’نچ پنجابن یا بلو دے گھر‘ گانے نہیں بنائے تھے، یہاں تو بات بچوں کی تربیت کی ہورہی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بڑے ہو کر کوئی اداکار بنے یا گلوکار یہ اس کی اپنی مرضی ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مقبول ترین ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے گلوکار و پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کے آج کل کی ماؤں پر دیے گئے حالیہ بیان پر سخت الفاظ میں ردعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ آپ نے ماں کی گود سے کلمہ سنتے سنتے نچ پنجابن اور بِلو کے گھر تک کا سفر پتا نہیں کیسے طے کیا۔

ماڈل کے تبصرے پر ایک صارف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نعتیں بھی پڑھیں لیکن آپ کو صرف یہی یاد ہے۔

نادیہ حسین نے کہا کہ مجھے سب یاد ہے لیکن ابرارالحق کو کسی نے یہ حق نہیں دیا ہے کہ وہ آج کل کی ماں کی تربیت پر تنقید کریں۔

انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ابرار نے نعتوں کے علاوہ گانے جو گائے، اس سے نوجوان نسل نے بہت کچھ سیکھا؟