کراچی میں تندور کی روٹی اور ہوٹلوں پر پراٹھے کا وزن مزید گھٹ گیا

نانبائیوں اور ہوٹل مالکان نے ازخود ہی روٹی کا وزن کم کر کے نرخ بڑھادئیے
دودھ والی روٹی کے دام کہیں زیادہ، سادہ اور انڈہ پراٹھے کے دام ہر علاقے میں مختلف
کراچی(الطاف مجاہد) کراچی میں روٹی اور ہوٹلوں پر پراٹھے کا وزن مزید گھٹ گیا ہے، نانبائیوں اور ہوٹل مالکان نے ازخود ہی روٹی کا وزن کم کر کے نرخ بڑھادئیے ہیں، انتظامیہ نے قیمتوں اوروزن کا تعین توکیا تھا لیکن عملدرآمد نہیں کرا پا رہی۔مختلف علاقوں میں 10 روپے سے لیکر 15 اور 20 روپے میں روٹی فروخت ہونے لگی جبکہ وزن بھی کم ہوگیا۔ دودھ والی روٹی کے دام کہیں زیادہ ہیں۔اسی طرح ہوٹلوں پر پراٹھے کا وزن مزید گھٹ گیا ہے اور سادہ پراٹھے اور انڈہ پراٹھے کے دام ہر علاقے میں مختلف ہیں۔کراچی کے نواحی علاقوں میں روٹی کا وزن کم کرتے ہوئے قیمت بھی 15 روپے وصول کرنے کی شکایات مل رہی ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے روٹی کی قیمت اوروزن کا تعین توکیا گیا ہے لیکن روٹی کا وزن بہت کم ہے۔دوسری جانب نانبائیوں کا کہنا ہے نہ صرف آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ سوئی گیس اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں جس سے کاروبارمیں نقصان کا سامنا ہے، نانبائیوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے نیا نرخنامہ بھی جاری نہیں کیا جارہا۔