ضمنی انتخاب میں چوہدری طارق سبحانی کی مکمل حمایت کا اعلان

ریاض ( ناظم علی عطاری ) پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب ریاض ریجن کی جانب سے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ میں چوہدری خوش اختر سبحانی کی وفات کے باعث خالی ہونے والی سیٹ پر ضمنی انتخاب میں چوہدری طارق سبحانی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں عہدیداروں نے شرکت کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرکزی صدر ملک منظور حسین اعوان نے کہا کہ 28 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں چوہدری طارق سبحانی کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے ان کو کامیاب کروانے کے لیے ہم اوورسیز پاکستانی اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں گے اور ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کے بیانیے ” ووٹ کو عزت دو ” کی جیت ہو گی ملک منظور اعوان نے مزید کہا کہ خوش اختر سبحانی مرحوم خداداد صلاحیتوں کے مالک تھے ان کو ہمیشہ نفیس اور با صلاحیت رہنما کے طور پر جانا گیا ریاض ریجن کے صوبائی چیئرمین ملک راشد پرویز اعوان کا کہنا تھا کہ 28 جولائی پاکستان مسلم لیگ ن کی فتح کا دن ہو گا اس دن انتشار ، عدم استحکام ، پروپیگنڈے اور منفی سیاست کرنے والوں کا سیاسی مستقبل ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا ملک راشد پرویز اعوان نے مزید کہا کہ خوش اختر سبحانی مرحوم اور چوھدری سرور باجوہ مرحوم پروقار اور پر خلوص شخصیت کے ملک تھے اللہ رب العزت دونوں مرحومین کو غریق رحمت فرما کر جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے آمین پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سرپرست اعلی رانا محمد اشرف نے کہا کہ ہم چوہدری طارق سبحانی کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے ان کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں رہے گے پاکستان مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے صوبائی صدر میاں طارق جنید نے کہا کہ طارق سبحانی میاں نواز شریف کا سپاہی ہے اور 28 جولائی کو کامیابی ان کا مقدر بنے گی اور میاں نواز شریف ایک دفعہ پھر شہر اقبال سے لیڈ کریں گے پریس کانفرنس سے ، نور خان شنواری مکرم نصیر ، ملک لیاقت اور دیگر نے بھی خطاب کیا پریس کانفرنس کے اختتام پر چوہدری خوش اختر سبحانی مرحوم اور پاکستان مسلم لیگ ن گلف زون کے صدر احسان الحق باجوہ کے چچا جان سرور باجوہ مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی