کراچی میں 71 فیصد کیسز کورونا کی جنوبی افریقی قسم کے رپورٹ ہوئے۔-زیادہ تر کیس 2 سال سے کم عمر کے بچوں میں رپورٹ ہورہے ہیں

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کراچی میں جنوبی افریقی قسم کے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی تصدیق کی ہے۔

ایک بیان میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کراچی میں اب جنوبی افریقی قسم کا کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 57 افراد کے نمونوں پر تحقیق کی گئی ہے،کراچی میں 71 فیصد کیسز کورونا کی جنوبی افریقی قسم کے رپورٹ ہوئے۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے مزید کہا کہ 20 فیصد کیسز کورونا کی برطانوی قسم کے رپورٹ ہوئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ زیادہ تر کیس 2 سال سے کم عمر کے بچوں میں رپورٹ ہورہے ہیں،والدین بچوں کو غیر ضروری طور پر باہر نہ نکالیں۔

وزیر صحت سندھ نے یہ بھی کہا کہ والدین اپنے آپ کو ویکسین لگوائیں تاکہ بچوں سے اُن کو وائرس نہ لگے۔