زبیرطفیل یو بی جی کے صدر منتخب،ایس ایم منیر‘افتخار ملک کے استعفے نامنظور


زبیرطفیل یو بی جی کے صدر منتخب،ایس ایم منیر‘افتخار ملک کے استعفے نامنظور
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑی بڑی نمائندہ تنظیم یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی مرکزی کور کمیٹی نے یو بی جی کے سیکریٹری جنرل اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیرطفیل کو یونائٹیڈ بزنس گروپ کابلامقابلہ صدرمنتخب کرلیاجبکہ ان کی جگہ اسلام آباد سے ظفربختاوری کو یو بی جی کا سیکریٹری جنرل اورڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کو سیکریٹری انفارمیشن منتخب کرلیا گیا۔گزشتہ روز لاہور میں یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اوربعد ازاں افتخار علی ملک کی رہائشگاہ پر ہونے والے یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کے اجلاس میں ایس ایم منیر اورافتخار علی ملک نے کور کمیٹی ممبران کے سامنے اپنے اپنے استعفے دے دیئے جس پر تمام کورکمیٹی کے تمام ممبران نے اتفاق رائے سے دونوں لیڈران کے استعفے مسترد کردیئے اور کہا کہ یو بی جی کیلئے ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک لازم وملزوم ہیں اور وہ بدستور ہماری سرپرستی کرتے رہیں گے اورانکی مشاورت سے ہی یو بی جی نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کے اجلاس میں ایس ایم منیر،افتخار علی ملک،زبیرطفیل،ریاض الدین شیخ،میاں محمدادریس، خالد تواب،ظفربختاوری،ڈاکٹر اختیار بیگ،ڈاکٹرنعمان بٹ،ملک سہیل حسین،حاجی عرفان یوسف،سہیل الطاف، منظورالحق،نوراحمدخان،عامرعطا باجوہ، تنویر احمدشیخ،سلمان اسلم،حمیداخترچڈھا،رحمت اللہ جاوید، ایس ایم تنویر،رحمان چن،نوید بخاری،ممتازشیخ،ثمینہ فاضل،حاجی افضل،پرویزلالہ، ضرار کلیم، محمدامجد چوہدری،غضنفربلور، اوردیگر تاجررہنما شریک تھے۔ممبران کورکمیٹی نے نئے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔قیادت نے یو بی جی کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اہم فیصلے بھی کئے۔ اس موقع پر سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کا ہرممبر پاکستان بھر میں ایف پی سی سی آئی کے آئندہ انتخابات کیلئے بھرپور تیاریاں شروع کردے،ہم چور دروازوں سے فیڈریشن میں داخل ہونے والوں کو ناکوں چنے چبوادیں گے۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی کا ہر ممبر اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھائے اورہنگامی بنیادوں پر کام کرے،اب گروپ میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔نومنتخب صدر یو بی جی زبیرطفیل نے کہا کہ پارٹی نے مجھے متفقہ طور پر صدر منتخب کیا ہے اورمیں اپنی پوری ٹیم کے ساتھ جدید خطوط پر ایف پی سی سی آئی کے آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے تیاریاں کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے مسائل پیچیدہ شکل اختیار کرچکے ہیں اورفیڈریشن کے موجودہ عہدیدار ان مسائل کو حل کرانے میں ناکام رہے ہیں مگر ہم بزنس کمیونٹی کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اورہمارے دروازے انکے لئے کھلے ہیں۔چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے کہا کہ یو بی جی بزنس کمیونٹی کے دلوں کی آواز ہے اور آئندہ فیڈریشن الیکشن میں ایف پی سی سی آئی پر قابض گروپ کے تمام حربے ناکام ہونگے۔اجلاس میں یو بی جی کورکمیٹی کے تمام ممبران نے یونائٹیڈ بزنس گروپ کے بلامقابلہ نومنتخب صدر زبیرطفیل، سیکریٹری جنرل ظفر بختاوری اورانفارمیشن سیکرٹری مرزااختیار بیگ کو مبارکباد پیش کی۔

https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/karachi/2021-05-18/page-9/detail-27