
ایئر بلیو کو زور کا جھٹکا۔-عدالت کا ایئربلیو حادثے کے متاثرین کو 5.4 ارب روپے ہرجانہ دینے کا حکم- تاخیر پر ایئربلو پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد
اسلام آباد کی عدالت نے ہفتے کو 2010 کے ایئربلو طیارہ حادثے کے آٹھ متاثرین کے اہل خانہ کو مجموعی طور پر تقریباً 5.4 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کورٹ، جس کی سربراہی جسٹس ڈاکٹر رسول بخش مرجت کر رہے تھے، نے ایئربلو کی جانب سے دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے ایئرلائن کی ذمہ داری برقرار رکھی اور مقدمے میں تاخیر پر ایئربلو پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
یہ حادثہ 28 جولائی 2010 کو پیش آیا جب کراچی سے اسلام آباد آنے والی ایئربلو کی پرواز 202 دارلحکومت کے قریب مارگلہ پہاڑ پر حادثے کا شکار ہوئی۔
یہ فیصلہ متاثرہ خاندانوں کی تقریباً ایک دہائی سے جاری قانونی جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ خاندانوں نے بارہا جوابدہی اور بروقت ریلیف کا مطالبہ کیا اور کہا کہ طویل عدالتی کارروائی نے ان کے دکھ میں مزید اضافہ کیا۔
ایئر بس A321-خراب موسمی حالات میں فائنل اپروچ کے دوران حادثے کا شکار بنی جس میں سوار عملے کے ارکان تمام 152 افراد مارے گئے تھے۔ اسے پاکستان کی تاریخ کا سب سے مہلک فضائی حادثہ قرار دیا جاتا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی سرکاری تحقیقات کے مطابق حادثہ کنٹرولڈ فلائٹ اِن ٹو ٹیرین (CFIT) تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں پائلٹ کی غلطی کو بنیادی سبب قرار دیا گیا جس میں مقررہ محفوظ بلندی سے نیچے اترنا اور خراب حد نگاہ میں سرکلنگ اپروچ کے دوران معیاری آپریٹنگ طریقہ کار سے انحراف شامل تھا۔
تفتیش کاروں نے کاک پٹ ریسورس مینجمنٹ کی کمزوری اور بارش و نچلے بادلوں جیسے مشکل موسمی حالات کی بھی نشاندہی کی۔ بعد ازاں عدالتی مشاہدات اور رپورٹس میں کہا گیا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کی کوتاہیوں نے بھی حادثے سے قبل غیر محفوظ حالات پیدا کرنے میں کردار ادا کیا۔
=========================
کیبن پریشر کم ہونے پر قومی ایئر لائن کے طیارے کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ
قومی ایئر لائن کے طیارے نے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
اس حوالے سے ایک مسافر کا کہنا ہے کہ جدہ سے ٹیک آف کے کچھ دیر بعد کیبن پریشر کم ہونے پر آکسیجن ماسک کھل گئے۔
دورانِ پرواز کیبن پریشر کم ہونے پر پرواز کو دمام اتار لیا گیا، قومی ایئر لائن کی پرواز میں 147 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ترجمان قومی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ مسافروں کو لانے کے لیے دوسرا جہاز دمام بھیجا گیا، جس کے ذریعے پی کے 860 کے مسافر آج لاہور پہنچا دیے گئے
=======================
یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10 سال قید کی سزا
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 مرکزی رہنماؤں کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے 2 مزید مقدمات کا فیصلہ انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے جج ارشد جاوید نے سنا دیا۔
بانیٔ پی ٹی آئی نے دھوکا دہی سے تصرف کر کے خیانت کی، توشہ خانہ ٹو کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری
جج نے 9 مئی کے دن لاہور کے علاقے گلبرگ میں گاڑیاں اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے مقدمات کا فیصلہ سنایا ہے۔
عدالتی فیصلے میں پی ٹی آئی کے اہم رہنما اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سابق سینیٹر اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے فیصلے میں گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 22 اور کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کے کیس میں 5 ملزمان کو بری بھی کر دیا ہے۔
آئیں ایک دوسرے کو معاف کریں، ہم معاف کرتے ہیں: محمود اچکزئی
گلبرگ میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں کل 33 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں 4 ملزمان اشتہاری ہیں جبکہ یاسمین راشد اور 7 ملزمان کو 10 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 24 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، اس کیس میں 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔
لاہور میں اب تک 9 مئی کے 7 مقدمات کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے۔


























