حکومت سندھ کا کورنگی صنعتی زون کیلئے 2 ارب کے فنڈز کی منظوری خوش آئند ہے، محمد اکرام راجپوت

وزیر اعلی سندھ نے دیرینہ مطالبہ پورا کیا، ماضی کی طرح شفاف اور کامیاب منصوبے ہوں گے، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا فروغ ناگزیر، صدر کاٹی

کراچی ( ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر محمد اکرام راجپوت نے کراچی کے صنعتی علاقوں کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 9 ارب 28 کروڑ 20 لاکھ روپے اور کورنگی صنعتی علاقے کیلئے 2 ارب روپے کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مشکور ہیں انہوں نے صنعتی زونز کی بحالی کیلئے دیرینہ مطالبہ پورا کیا جو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انڈسٹریلائزیشن کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔ صدر کاٹی نے سندھ کابینہ کو بھی اس اہم اور تاریخی اقدام پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان فنڈز کا ماضی میں بھی بہترین استعمال ہوا جس کے تمام ادارے آج بھی معترف ہیں، تاہم ایک طویل عرصے سے دیکھ بھال نہ ہونے اور صنعتی سرگرمیوں کے دباؤ کے باعث انڈسٹریل زونز کا انفرا اسٹرکچر بدحالی کا شکار تھا، جس سے صنعتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر تھیں، تاہم اب فنڈز کی بحالی سے ترقیاتی کام جلد بحالی کی طرف گامزن ہوں گے جس سے صنعتی سرگرمیاں بھی بحال ہوں گی۔ اکرام راجپوت نے کہا کہ ماضی میں بھی کاٹی سمیت دیگر صنعتی زونز میں حکومت سندھ کے جاری فنڈز کا شفاف طریقے سے استعمال ہوا بلکہ کائیٹ لمیٹڈ سمیت دیگر انڈسٹریل کمپنیوں نے کم لاگت میں بین الاقوامی معیار کے مطابق منصوبے مکمل کئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ برآمدات، روزگار اور معاشی استحکام کے لیے بھی مثبت نتائج کا حامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور یہاں کے صنعتی علاقوں، بالخصوص کورنگی، لانڈھی اور سائٹ ایریاز میں خراب انفراسٹرکچر سے ملک کو معاشی نقصان پہنچ رہا تھا۔ اس خصوصی پیکیج کے ذریعے کورنگی سمیت کراچی کے تمام صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے معطل سرگرمیاں بحال ہوں گی جس سے معاشی بحالی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا یہ اقدام مجموعی طور پر پورے ملک کو فائدہ پہنچائے گا۔ صدر کاٹی نے امید ظاہر کی کہ حکومت سندھ فوری طور پر فنڈز کے اجراء کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ اہم فیصلہ اس امر کی عکاس ہے کہ حکومت صنعت و تجارت کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔صدر کاٹی نے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو مزید فروغ دیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے نہ صرف منصوبوں کی شفافیت اور رفتار میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ وسائل کا مؤثر استعمال بھی ممکن ہو پاتا ہے۔ ماضی میں بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں نے مثبت نتائج دیے ہیں، جن سے صنعتکاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ صدر کاٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت آئندہ بھی صنعت دوست پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کراچی کے صنعتی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، تاکہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنایا جا سکے۔