پاکستان مخالف مواد پر مبنی ایک اور جنگی فلم ’بارڈر 2‘ کا ٹیزر جاری

بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستان مخالف مواد پر مبنی ایک اور جنگی فلم ’بارڈر 2‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلم میں 1971 کی پاک بھارت جنگ کو موضوع بنایا گیا ہے، اور ٹیزر میں سنی دیول کو ایک بار پھر جنگی نعروں اور جارحانہ مکالموں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ تاہم فلم کے تکنیکی معیار، خصوصاً بصری اثرات، کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ٹیزر میں سنی دیول جنگی نعرہ لگاتے ہوئے کہتے ہیں آواز کہاں تک جانی چاہیے؟ جس کے جواب میں ان کی فوج کی جانب سے “لاہور تک” کا نعرہ دیا جاتا ہے۔ اس منظر کو حب الوطنی کے اظہار کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، تاہم پاکستانی ناظرین اور مبصرین کے نزدیک یہ مکالمہ ایک بار پھر پاکستان مخالف اور اشتعال انگیز بیانیے کی عکاسی کرتا ہے، جیسا ماضی میں بھی بھارتی فلموں میں دیکھا گیا ہے۔

فلم میں ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور اہن شیٹی بھی شامل ہیں، اور اسے 23 جنوری 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ٹیزر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ناظرین اور ناقدین نے فلم کے کمزور ویژوئل ایفیکٹس پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ جنگ جیسے حساس اور بڑے موضوع کو پیش کرنے کے لیے استعمال کیے گئے بصری مناظر غیر معیاری اور غیر حقیقی محسوس ہوتے ہیں، جو فلم کے مجموعی اثر کو کمزور کرتے ہیں۔