سعودی عرب کی جدہ گورنری میں 9 دسمبر کو 135 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو حالیہ برسوں کے دوران ہونے والی بارش میں دوسرا بڑا ریکارڈ ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قومی مرکزِ موسمیات (NCM) کا کہنا ہے کہ اس سے قبل شہر میں سب سے زیادہ بارش 24 نومبر 2022 کو ہوئی تھی، جب صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے کے دوران جدہ کے جنوبی حصے میں 179 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق 2022 کی بارش نے 2009 میں ہونے والی 90 ملی میٹر اور 2011 میں ریکارڈ 111 ملی میٹر بارش کا بھی ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
جد میں حالیہ بارشوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جدہ میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے مکہ ریجن امارت کی جانب سے مکمل کیے گئے نکاسی آب کے منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں 8 بڑے منصوبے بارش اور سیلاب کے مستقل حل کے لیے مکمل کیے گئے ہیں جن میں 5 ڈیمز کی تعمیر، معاون ڈیمز، اسپِل وے، نکاسی کی نہریں، اور سڑکیں شامل ہیں۔ ان منصوبوں میں وادی غیا ڈیم، ام حبلیّن ڈیم، وادی دغباج ڈیم، وادی بوریمان ڈیم اور وادی غلیل ڈیم قابلِ ذکر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بارش کے پانی کی نکاسی کے موجودہ شمالی، جنوبی اور مشرقی چینلز کو توسیع دی گئی ہے جبکہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک نئی نکاسی آب کی نہر بھی بنائی گئی ہے۔


























