سندھ ہائیکورٹ نے کراچی چڑیا گھر سے مادہ ریچھ رانو کی محفوظ پناہ گاہ منتقلی سے متعلق درخواستگزار جوڈ ایلن کی فوری سماعت کی درخواست پر کمیٹی اور مبصرین کو 2 نومبر کو چڑیا گھر کے دورے اور جانوروں کے معائنے کا حکم دیدیا

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی چڑیا گھر سے مادہ ریچھ رانو کی محفوظ پناہ گاہ منتقلی سے متعلق درخواستگزار جوڈ ایلن کی فوری سماعت کی درخواست پر کمیٹی اور مبصرین کو 2 نومبر کو چڑیا گھر کے دورے اور جانوروں کے معائنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کراچی چڑیا گھر سے مادہ ریچھ رانو کی محفوظ پناہ گاہ منتقلی سے متعلق درخواستگزار جوڈ ایلن کی فوری سماعت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے مووف دیا کہ 17 اکتوبر کو سرکاری حکام نے منتقلی کے لئے دو ہفتوں کا وقت مانگا تھا۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ سندھ کی قائم کردہ کمیٹی کو چڑیا گھر کے دورے اور جانوروں کی حالت سے متعلق رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔ 22 اکتوبر کو کمیٹی ارکان کو خط لکھنے کے باوجود تاحال کسی رکن کا جواب نہیں آیا ہے۔ ابھی تک رانو کی منتقلی کے لئے پنجرہ تیار نہیں ہوسکا ہے۔ پنجرہ تیار ہونے کے بعد رانو کو مانوس ہونے میں بھی وقت لگے گا۔ اسلام آباد سے آئی ٹیم نے رانو کا معائنہ کیا ہے۔ ٹیم نے رانو کے جسم پر تین زخموں میں کیڑوں کی تصدیق کی ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ ہم ہدایت دیتے ہیں آج چار بجے چڑیا گھر کے معائنے کے لیے جائیں۔ درخواستگزار کے وکیل نے مووف دیا کہ ہم چاہتے ہیں دن کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ جانوروں کا معائنہ کیا جاسکے۔ عدالت نے کمیٹی اور مبصرین کو 2 نومبر کو چڑیا گھر کے دورے اور جانوروں کے معائنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 6 نومبر کو مقرر کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک معائنے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔