کوئٹہ 29 اکتوبر: بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرِ زراعت ڈاکٹر محمد جاوید ترین کو بین الاقوامی سطح پر ایک منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہیں ورلڈ ایگریکلچر فورم (World Agriculture Forum) کی جانب سے گلوبل کونسل کے رکن کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں ان کی عالمی سطح کی تحقیقی خدمات اور سائنسی ریسرچ پیپرز کی بنیاد پر دیا گیا۔ورلڈ ایگریکلچر فورم ایک عالمی ادارہ ہے جو ورلڈ اکنامک فورم کے
طرز پر قائم کیا گیا ہے۔ اس کا ہیڈکوارٹر نیدرلینڈز میں واقع ہے جبکہ اس کے دفاتر امریکہ اور روم میں بھی موجود ہیں۔ یہ ادارہ دنیا بھر میں زراعت کے فروغ، پائیدار ترقی اور سائنسی تحقیق کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ محکمہ زراعت کے گریڈ 20 کے سینئر ٹیکنوکریٹ ڈاکٹر محمد جاوید ترین نے ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی سے پی ایچ ڈی کی ہے جبکہ آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے موضوع پر اہم تحقیقی کام انجام دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے کسی ماہر زراعت کو ورلڈ ایگریکلچر فورم کی گلوبل کونسل کا رکن منتخب کیا گیا ہے، اور یہ فخر بلوچستان کے حصے میں آیا ہے۔ڈاکٹر ترین کا انتخاب نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پاکستان خصوصاً بلوچستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو عالمی سطح پر ملکی تحقیقی و زراعت کے میدان میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
Load/Hide Comments























