یکم نومبر کو مقامی عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ، اتوار کے روز بھی تعطیل ہونے کے باعث ضلع بھر میں دو روزہ تعطیلات ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع نارووال میں حضرت پیر سید جماعت علی شاہ لاثانیؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر یکم نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز بھی عام تعطیل ہونے کے باعث ضلع بھر میں دو روزہ تعطیلات ہوں گی۔
عرس کی تقریبات علی پور سیداں شریف میں منعقد ہوں گی،جہاں ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد پہنچے گی اور عقیدت مند بزرگ ہستی کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے زائرین کے لیے قیام، خوراک، اور صفائی سمیت تمام تر انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ عرس کے موقع پر نظم و ضبط اور سہولت برقرار رکھی جا سکے۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کے عملے کو خصوصی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں جو 24 گھنٹے فرائض انجام دیں گے۔
عرس کے دوران قرآن خوانی، نعت خوانی اور روحانی اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں معروف علما و مشائخ حضرت پیر سید جماعت علی شاہؒ کی دینی و روحانی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔
عرس کے شرکاء کے لیے کھانے، پینے کے صاف پانی، وضو، طبی امداد اور آرام کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور عرس کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔























