ایچ ای سی نے یونیورسٹی آف گوادر کو ایم ایس مینجمنٹ سائنسز پروگرام کے آغاز کی منظوری دے دی

ایچ ای سی نے یونیورسٹی آف گوادر کو ایم ایس مینجمنٹ سائنسز پروگرام کے آغاز کی منظوری دے دی
گوادر | 3 اکتوبر 2025
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے یونیورسٹی آف گوادر کو ایم ایس (مینجمنٹ سائنسز) پروگرام کے اجراء کے لیے باضابطہ طور پر این او سی (No Objection Certificate) جاری کر دیا ہے۔ یہ پروگرام 2026 کے پہلے سیمسٹر سے باقاعدہ طور پر شروع کیا جائے گا۔
ایچ ای سی کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یونیورسٹی آف گوادر کو ایم ایس (مینجمنٹ سائنسز) پروگرام پیش کرنے کی باقاعدہ اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ پروگرام قابل، تجربہ کار اور مستند فیکلٹی کی نگرانی میں چلایا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار، تحقیق اور جدت کے اعلیٰ اصولوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے شعبہ منیجمنٹ سائنس کے ڈین، سربراہ اور سینئر اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی نے تین چار سال کے نہایت مختصر عرصے میں ایم ایس (MS) پروگرام کا اغاز ایک شاندار کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا اس پروگرام کی منظوری سے یونیورسٹی آف گوادر کے اُس عزم کی عکاسی ہوتی ہے جس کے تحت ادارہ اعلیٰ تعلیم کے معیار میں بہتری، پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے دائرے کو وسعت دینے اور علاقے کے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیمی مواقع بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یہ پیش رفت گوادر یونیورسٹی کی اُس ترقی یافتہ سمت کی نمائندگی کرتی ہے جو بلوچستان اور ملک بھر میں انتظامی و تحقیقی تعلیم کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔

اجرا کردہ:
پبلک ریلیشنز آفس
یونیورسٹی آف گوادر