ایپل چار کھرب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ دنیا کی تیسری بڑی ٹیک کمپنی بن گئی

آئی فون بنانے والی کمپنی ‘ایپل’ 4 کھرب ڈالر مارکیٹ ویلیو رکھنے والی دنیا کی تیسری بڑی ٹیکنالوجی کمپنی بن گئی ہے۔

ایپل سے قبل 2 بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں، این ویڈیا (Nvidia) اور مائیکروسافٹ (Microsoft)، ہی 4 کھرب ڈالر کی حد عبور کر چکی ہیں، جن میں این ویڈیا تقریباً 5 کھرب ڈالر کی مالیت کے ساتھ سب سے آگے ہے۔

ایپل کے شیئرز ایک موقع پر $269.89 تک پہنچے، جس سے کمپنی کی مالیت 4.005 ٹریلین ڈالر ہو گئی، تاہم اسٹاک مارکیٹ کے بند ہونے تک یہ معمولی کمی کے بعد $3.992 ٹریلین پر فروخت ہو رہے تھے۔

ستمبر میں آئی فون 17 سیریز اور آئی فون ایئر کی لانچ کے بعد سے ایپل کے حصص میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے کمپنی کو سال بھر کی مندی سے نکال کر مثبت زون میں واپس پہنچا دیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق نئے آئی فونز کی غیرمعمولی مانگ، خاص طور پر امریکا اور چین میں، کمپنی کی آمدنی میں بڑا اضافہ کرے گی۔

ریسرچ فرم کاؤنٹرپوائنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، آئی فون 17 کی فروخت پچھلے ماڈل کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ رہی۔

ایورکور آئی ایس آئی نے پیش گوئی کی ہے کہ ایپل کی بہترین سیل اسے ستمبر سہ ماہی کے نتائج میں مارکیٹ کی توقعات سے آگے لے جائے گی اور دسمبر سہ ماہی کے لیے مثبت اعشاریوں کا باعث بنی گی۔

ایپل 30 اکتوبر کو اپنے چوتھی سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرے گا۔

کمپنی کے شیئرز اس وقت آئندہ 12 ماہ کی متوقع آمدنی کے 33 گنا پر ٹریڈ ہو رہے ہیں، جو متوقع 27 گنا سے کہیں زیادہ ہے۔