لاڑکانہ اسپیشل اکنامک زون سے متعلق اجلاس، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

لاڑکانہ اسپیشل اکنامک زون سے متعلق اجلاس، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

کراچی۔ 28 اکتوبر- صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیرِ صدارت لاڑکانہ اسپیشل اکنامک زون سے متعلق ایک اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ، سیکریٹری سائٹ یونس ڈاہری، لاڑکانہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں لاڑکانہ اسپیشل اکنامک زون میں پلاٹس کے حصول سے متعلق درخواستوں کے اسٹیٹس پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکریٹری سائٹ یونس ڈاہری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے زون میں جاری ترقیاتی کاموں اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے اس موقع پر ہدایت کی کہ لاڑکانہ اسپیشل اکنامک زون کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور مقامی انتظامیہ کو آن بورڈ لیا جائے تاکہ منصوبے کی رفتار میں مزید تیزی لائی جا سکے۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ لاڑکانہ اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو دس سالہ انکم ٹیکس چھوٹ اور مشینری کی درآمد پر ایک مرتبہ ڈیوٹی فری سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زون میں سرمایہ کاروں کے لیے تمام بنیادی سہولیات، بشمول انفراسٹرکچر، بجلی، پانی اور سڑکوں کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ اسپیشل اکنامک زون کی بھرپور کامیابی کے خواہاں ہیں، تاکہ لاڑکانہ اور آس پاس کے علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔