سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس،خواتین صحافیوں کے مسائل اور انتخابات پر غور ۔۔۔*
سکھر(۔۔۔۔)سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا ایک اہم اجلاس سکھر پریس کلب کے ویمن چیمبر میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت وومن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی صدر اور سینئر صحافی سحرش کھوکھر نے کی۔
منعقدہ اجلاس میں مجلسِ عاملہ کی اراکین خواتین صحافیوں شہناز شیخ ،رخسار عباسی،ثناء انصاری،لبنا شیخ اور سمیرا لاکھو نے شرکت کی۔اس موقع پرخواتین صحافیوں کو درپیش مسائل، تنظیم کے سالانہ انتخابات، اور صحافتی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔جبکہ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا کہ صوبہ سندھ میں صحافیوں کے لیے نامناسب حالات پیدا کیے جا رہے ہیں،کئی صحافی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ حکومتوں سے صحافیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ خواتین صحافی کنونشن کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور آئی۔اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے صدر سندھ وومین جرنلسٹس ایسوسی سحرش کھوکھر کا کہنا تھا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور ملک بھر میں خواتین صحافی اپنی خدمات بخوبی انجام دے رہی ہیں،جو کہ خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت میں مرد و خواتین کی تفریق ناقابلِ قبول ہے،خواتین کو برابری کی بنیاد پر مواقع ملنے چاہییں۔سحرش کھوکھر نے مزید کہا کہ ہم سکھر پریس کلب اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے ساتھ ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی “صحافی اتحاد زندہ باد” کے نعرے کے ساتھ اپنے عزم کو برقرار رکھیں گے۔اختتام پر کراچی پریس کلب میں ہونیوالی خواتین صحافیوں سے ملاقات کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی























