جامعہ کراچی: 20 شعبہ جات کی 1347 نشستوں پر داخلوں کے لئے داخلہ ٹیسٹ میں 7536 امیدواروں کی شرکت

جامعہ کراچی: 20 شعبہ جات کی 1347 نشستوں پر داخلوں کے لئے داخلہ ٹیسٹ میں 7536 امیدواروں کی شرکت

جامعہ کراچی میں تعلیمی سال 2026 ء مارننگ پروگرام کے لئے 20 مختلف شعبہ جات بشمول ڈاکٹر آف فارمیسی(مارننگ وایوننگ) پروگرام کا داخلہ ٹیسٹ ہفتہ25 اکتوبر2025 ء کو صبح 11:00 بجے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں قائم 22 امتحانی مراکزمیں منعقد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق20 شعبہ جات کی 1347 نشستوں پر داخلوں کے لئے 7769 داخلہ فارم جمع کرائے گئے جبکہ7536 امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جامعہ کراچی کی ویب سائٹ اور امیدواروں کے پورٹل پر28 اکتوبر2025 ء تک اَپ لوڈ کردیئے جائیں گے۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے رجسٹرارجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹرعمران احمد صدیقی، کراچی یونیورسٹی اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ سروس(کے یواے ٹی ایس) کی ممبر پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اختر،رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹرثمینہ سعید،رئیس کلیہ نظمیات وانتظامی علوم پروفیسرڈاکٹر زعیمہ اسرارمحی الدین،رئیس کلیہ علوم پروفیسرڈاکٹر ریحانہ سعید،قائم مقام مشیر امورطلبہ ڈاکٹرثروت افشاں،قائم مقام ناظم امتحانات ڈاکٹر محمدیاسر،کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزرڈاکٹر سلمان زبیر، سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر وفاالطاف،میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد حسان اوج اوردیگر کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اورانتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔

علاوہ ازیں طلباوطالبات اور ان کے والدین کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی کے تمام داخلی دروازوں پر پوائنٹس(بسوں) کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا تھا جو طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچانے اور واپس گیٹس تک لے کرجانے کی سہولت فراہم کرتے رہے۔ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لئے جامعہ کے مختلف مقامات پر ہیلپ ڈیسک کی موجودگی کے ساتھ ساتھ (واچ اینڈوارڈ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا تھا۔ میڈیکل افسراور ان کا طبی عملہ بمعہ ایمبولینس موجود تھا۔شیخ الجامعہ نے داخلہ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام اساتذہ،انتظامی عملے اور سیکیورٹی گارڈز کی کاوشوں کو سراہا۔