سردیوں میں نزلہ زکام سے بچاؤ کے آسان گھریلو طریقے

موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی نزلہ، زکام اور فلو جیسی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں. طبی ماہرین کے مطابق اس موسم میں صحت مند رہنے کے لیے صرف احتیاطی تدابیر نہیں بلکہ قوتِ مدافعت (امیون سسٹم) کو مضبوط بنانا بھی بے حد ضروری ہے۔
ماہرینِ تغذیہ کے مطابق سردیوں میں قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے چھ مؤثر عادات اپنانے کا مشورہ دیا ہے، جن پر عمل کر کے جسم کو بیماریوں کے خلاف بہتر تحفظ دیا جا سکتا ہے۔

غذاؤں میں رنگ شامل کریں
پھل، سبزیاں، مکمل اناج، خشک میوہ جات اور بیج روزمرہ خوراک کا حصہ بنانا چاہیے، کیونکہ یہ اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتے ہیں جو جسم کو بیماریوں سے بچاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، روزانہ تین سے پانچ سرونگز پھل اور سبزیوں کی لینی چاہییں۔

روزانہ ورزش کو معمول بنائیں
ماہرین کے مطابق ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل جسمانی سرگرمی جیسے تیز چہل قدمی یا ایروبک ورزش کرنا چاہیے۔ اس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور جسم کے دفاعی خلیے فعال رہتے ہیں۔

مناسب نیند لیں
پوری نیند نہ لینا جسم کو کمزور بناتا ہے، بالغ افراد کو روزانہ سات سے نو گھنٹے نیند لینے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ مدافعتی نظام بہتر طور پر کام کرتا رہے۔

سپلیمنٹس کے استعمال میں احتیاط
ماہرین کے مطابق قوتِ مدافعت بڑھانے والے سپلیمنٹس کے دعوے اکثر سائنسی بنیاد پر ثابت نہیں ہوتے۔ بہتر یہ ہے کہ صحت مند خوراک پر توجہ دی جائے اور کسی بھی سپلیمنٹ کے استعمال سے قبل ڈاکٹر یا ڈائیٹیشین سے مشورہ کیا جائے۔

ذہنی دباؤ کم کریں
مسلسل ذہنی دباؤ (Stress) امیون سسٹم کو کمزور کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، مراقبہ، یوگا، گہری سانس کی مشقیں اور ہلکی ورزشیں ذہنی تناؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان چھ معمولات کو زندگی کا حصہ بنا کر نہ صرف موسمِ سرما کی عام بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ مجموعی صحت بھی طویل عرصے تک بہتر رکھی جا سکتی ہے۔