نیوکلیئر ماحول میں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، فیلڈ مارشل نے بھارت کو خبردار کردیا

ایبٹ آباد : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ “نیوکلیئر ماحول میں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقدہ 152ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے بنگلہ دیش، عراق، مالی، مالدیپ، نائیجیریا، نیپال، فلسطین، قطر، سری لنکا اور یمن کے کیڈٹس کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے اب تک افواجِ پاکستان نے قوم کی حمایت سے دفاعِ وطن میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ حالیہ آپریشن “معرکۂ حق / بنیانِ مرصوص” میں دشمن کو شکست دے کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پیشہ ورانہ کارروائیوں کے دوران دشمن کے رافیل طیارے مار گرائے گئے، ایس-400 سسٹمز سمیت متعدد بیسز کو نشانہ بنایا گیا، اور پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔


آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل اور قومی عزم کے ساتھ متحد ہو کر فولادی دیوار کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا گیام، پاکستان نے ایک ایسے دشمن کو شکست دی جو بالادستی کے غرور میں مبتلا تھا، بھارت نے الزام تراشی اور غیرجانبدار تحقیقات سے گریز کیا، جبکہ بھارتی حکمران جماعت نے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف واضح فتح حاصل کی اور عوام سمیت عالمی برادری کا اعتماد اور داد سمیٹی۔ نوجوانوں میں یہ یقین مزید مضبوط ہوا ہے کہ افواجِ پاکستان قومی طاقت کا ایک بنیادی ستون ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم کو یقین دلایا کہ اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ “آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ دنیا کی ایک عظیم اور باوقار فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، دشمن ہمارے عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔”

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، جس میں تمام دفاعی صلاحیتوں کا مکمل احاطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ “اگر دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو دشمن کو توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔ ہمارے ہتھیار دور تک پہنچنے اور دشمن کے جغرافیائی تصورات کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”

انہوں نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ “نیوکلیئر ماحول میں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ بھارت اپنے مسائل کو بین الاقوامی اصولوں، برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کرے۔ ہم کسی بیان بازی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دیں گے۔”

فیلڈ مارشل نے خبردار کیا کہ “آنے والی کسی بھی کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی، جو پورے خطے اور اس سے باہر کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے تشدد کے استعمال کے رجحانات تبدیل ہو رہے ہیں اور پاکستان اس خطے میں “نیٹ ریجنل سٹیبلائزر” کے طور پر ابھرا ہے۔

آرمی چیف عاصم منیر نے بتایا کہ عالمی طاقتوں، بالخصوص مسلم ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ پاکستان نے خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ہماری مسلح افواج اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ “ہم متحد ہیں، مضبوط ہیں اور اللہ کے فضل سے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔