یہ حیران کُن واقعہ فرانس کے خطے گواڈیلوپ میں پیش آیا جہاں دادا نے پوتے سے ملنے کیلئے خود کو گرفتار کروالیا۔
69 سالہ دادا سابق فائر فائٹر رہ چکے ہیں جن کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی نہیں۔ دادا نے ایک سپر مارکیٹ لوٹی جس کے قریب پولیس اسٹیشن تھا۔ سپر مارکیٹ لوٹنے کے بعد دادا وہیں انتظار کرتے رہے تاکہ انہیں گرفتار کیا جاسکے۔ مقصد یہ تھا کہ وہ جیل جائیں اور اپنے قیدی پوتے سے مل سکیں۔
لوٹ مار کے دوران دادا نے نقدی مانگی اور ایک ٹکڑا پنیر اور ایک بوتل شراب بھی لی۔ بعد ازاں پولیس نے انہیں ایسے وقت پکڑا جب وہ لوٹ مار کرکے ایسے انداز سے پارکنگ کی طرف جا رہے تھے جیسے کہ جان بوجھ کر گرفتار ہونے کا ارادہ ہو۔
عدالت نے دادا کو 15 ماہ کی سزا دی جن میں سے 5 ماہ ابھی فی الحال معطل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں نقصان پہنچنے والے متاثرین کو معاوضہ بھی دینا ہوگا، نفسیاتی علاج کروانا ہوگا اور اس سپر مارکیٹ کے قریب نہ جانے کی پابندی ہوگی۔
تاہم عدالت نے ان کے اس حق کو تسلیم کیا کہ وہ قانونی طور پر جیل کے ملاقات خانے میں اپنے پوتے سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
دادا نے یہ قدم اس لیے اٹھایا ہے کہ وہ اپنے پوتے کی حفاظت اور دیکھ بھال کو مقدم سمجھتے ہیں اور وہ قانونی طریقے یا رسمی رابطوں کے ذریعے اپنے پوتے کی مدد نہیں کرپارہے تھے، اس لیے انہیں یہ غیر معمولی اقدام کرنا پڑا۔























