برطانیہ میں خاتون موت کے 17 منٹ بعد زندہ ہو گئی

ایک خاتون، جو اچانک موت کا شکار ہو گئی تھیں، حیرت انگیز طور پر 17 منٹ بعد دوبارہ زندہ ہو گئیں، اور ان کے موت کے دوران کے تجربے نے سننے والوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ برطانیہ کے ایک جم میں پیش آیا جہاں 35 سالہ وکٹوریہ تھامس ورزش کر رہی تھیں۔ اچانک انہیں چکر محسوس ہوا، کمزوری چھا گئی اور وہ زمین پر گر گئیں۔ کچھ ہی لمحوں بعد ان کا دل بند ہو گیا اور وہ بے جان ہو گئیں۔

پیرامیڈیکس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور وکٹوریہ کو بچانے کی کوشش شروع کی۔ تقریباً 17 منٹ کے بعد دل کی دھڑکن واپس آئی اور وہ ہوش میں آنے لگیں۔

وکٹوریہ نے موت کے دوران جو کچھ محسوس کیا، وہ بیان کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ سب کچھ تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا۔ کسی قسم کی روشنی یا سکون کا احساس نہیں تھا، بلکہ وہ خود کو فضا میں معلق محسوس کر رہی تھیں اور نیچے اپنے بے حرکت جسم کو دیکھ رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اردگرد کچھ زرد رنگ کی مشینیں دکھائی دے رہی تھیں اور ایک عجیب سا منظر تھا۔

زندہ ہونے کے بعد وکٹوریہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ تین دن تک کوما میں رہیں۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کے پیش نظر انہیں پیس میکر لگایا تاکہ دل کی دھڑکن دوبارہ رکنے کی صورت میں خودبخود بحال ہو سکے۔

وکٹوریہ کی صحت کو لاحق خطرات کے باوجود، پیس میکر کی بدولت وہ متعدد بار بچ گئی ہیں جب ان کا دل دوبارہ رک گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ مشین ان کی جان بچانے میں بارہا مددگار ثابت ہوئی ہے۔