پاکستانی طالبہ نے برونائی سے اے لیول امتحان میں پوری دنیا میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی

برونائی (خصوصی رپورٹ)
سندھ کے شہر بینظیر آباد (نوابشاہ) سے تعلق رکھنے والی بچی عرشیہ طارق اقبال نے برونائی کے اسکول سے اے لیول میں اکائونٹنگ کے سبجیکٹ میں پوری دنیا میں نمبر ون اور اے لیول میں پورے برونائی میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرکے پاکستان کیلئے بہت بڑا اعزاز حاصل کرلیا ہے. گزشتہ روز برونائی کی دارالحکومت بیندر سری بیگوان میں ایک سرکاری تقریب میں برونائی کی وزیر تعلیم نے برونائی کی بڑی سرکاری ہسپتال میں تعینات تعینات پاکستانی ڈاکٹر طارق اقبال کی بیٹی عرشیہ طارق اقبال کو برونائی میں طلبہ کیلئے سب سے بڑا ایوارڈ انوگرا پیلجار سیمرلنگ ایکسیلنس ایوارڈ سمیت کئی ٹرافیاں، سرٹیفکیٹس اور نقدی انعامات سے نوازا. برونائی دارالسلام کے اسکول میں منعقدہ تقریب میں طلبہ وطالبات ان کے والدین، اساتذہ، سرکاری علمداروں اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی. اس موقع پر وزیر تعلیم اور اسکول کی سربراہ اور اساتذہ نے پاکستانی ہونہار طالبہ عرشیہ کی ذہانت اور محنت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ نا صرف پاکستان بلکہ برونائی کیلئے بھی بڑا اعزاز ہے کہ ہمارے ملک کے اسکول کی طالبہ نے پوری دنیا میں اول پوزیشن حاصل کی ہے، انہوں نے طالبہ عرشیہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کو اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان شاندار مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.
اس موقع پر پاکستانی طالبہ عرشیہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نا صرف میرے، میرے والدین اور برونائی کے لئے بلکہ پورے پاکستان کیلئے اعزاز ہے اور میں یہ کامیابی پاکستان کے نام کرتی ہوں. انہوں نے مستقبل میں اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکینیکل انجنیئرنگ میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہیلتھ کیئر کے شعبے میں ان افراد کیلئے کام کرنا چاہتی ہیں جن کو جسمانی طور پر مختلف مسائل درپیش ہیں، وہ ان مسائل کو ایک جدید ڈوائیس کی ایجاد پر کام کرکے ان کو جسمانی طور پر درپیش مسائل سے نجات دلانا چاہتی ہیں. اس موقع پر ان کے والد ڈاکٹر طارق اقبال نے کہا کہ میری بیٹی نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جس پہ نا صرف ہم کو فخر ہے بلکہ پورے پاکستان کیلے یہ بہت بڑے فخر کی بات ہے، انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ ان کی بیٹی کیلئے اسکالرشپ کا اعلان کرکے دنیا کی بڑی یونیورسٹی میں تعلیم جاری رکھنے کیلئے مدد کرے تاکہ وہ اپنے ملک کا مزید نام روشن کرسکے اور اپنے مشن کو پورا کرسکے.