لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے اسٹیٹ آف نیو یارک کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس کی قیادت میں امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی) کے وفد نے ملاقات کی جس میں مشترکہ تعلیمی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں سیاسی راہنمائوں کے درمیان ٹیچر ٹریننگ اور سکولوں میں سہولیات کا فقدان دور کرنے کے حوالے سے پارٹنرشپ سمیت ایجوکیشن سیکٹر میں بہتری لانے، اسٹیٹ آف نیو یارک اور صوبہ پنجاب کے درمیان سسٹر تعلقات استوار کرنے کے لئے دو طرفہ تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر رانا سکندر حیات نے فل راموس کے توسط سے صوبہ پنجاب کے ساتھ سسٹر
تعلقات قائم کرنے کی قرارداد منظور کرنے پر نیویارک اسمبلی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر تعلیم نے پاکستانی طلبہ کیلئے نیو یارک کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیو یارک اسٹیٹ کی معاونت سے پنجاب میں شعبہ تعلیم کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی اے سی کے تجربات سے استفادہ کر کے اسٹیٹ آف نیو یارک کے ساتھ تعلیمی شعبہ میں جدت کیلئے کثیر جہتی، طویل المدتی اشتراک کیا جائے گا۔ اس موقع پر سٹیٹ آف نیو یارک کے ڈپٹی اسپیکر فل راموس نے رانا سکندر حیات کے تعلیمی ویژن کو سراہا اور ان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا محکمہ تعلیم ہر لحاظ سے ایک بہت بڑا ڈیپارٹمنٹ ہے۔ اس کے ساتھ اشتراک اہم حیثیت کا حامل ہوگا۔ امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی) کے وفد نے پنجاب اسمبلی میں سکول ایلوکیٹر پر بھی خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔