عمران خان کی گرفتاری پر رینجرز کی چوکی کو آگ لگانیوالے باپ، بیٹے گرفتار گرفتار ملزم نے اپنے جُرم پرمعافی مانگ لی

عمران خان کی گرفتاری پر رینجرز کی چوکی کو آگ لگانیوالے باپ، بیٹے گرفتار
گرفتار ملزم نے اپنے جُرم پرمعافی مانگ لی

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران رینجرز کی چوکی کو آگ لگانے والے باپ، بیٹے کو گرفتارکرلیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا دونوں ملزمان باپ بیٹا ہیں جبکہ گرفتارملزم عبدالحمید نے اپنے جُرم پرمعافی مانگ لی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 9 مئی کو شاہراہ فیصل پر رینجرز چوکی کو آگ لگانے کے بعد ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔
=======================
راولپنڈی (-)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر ہنگامے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں ”وزیراعظم “ کوگرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق نقص امن عامہ کے تحت 40 سالہ وزیراعظم ولد اللہ رکھا کو 15 دن کے لئے نظر بند کیا گیا ہے، سی پی او راولپنڈی نے اسے خطرناک قرار دیا تھا۔ وزیراعظم کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم ولد اللّہ رکھا میلسی ضلع وہاڑی کا رہائشی ہے اور راولپنڈی میں عارضی طور پر قیام پذیر تھا۔
تھانہ سٹی پولیس نے سی پی او کے حکم پر وزیر اعظم کو گرفتار کیا اور نظر بندی آرڈرز سمیت جیل بھیج دیا، وزیر اعظم کے بھائی نے اس کی نظر بندی ہائی کورٹ میں چیلنج کردی ہے۔
پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم پرامن اور شریف شہری ہے، پولیس نے گرفتار کرکے زیادتی کی لہذا اسے فوری رہا کرنے کا حکم دیا جائے، پٹیشن کی سماعت پیر کو ہوگی
=============================
ریڈیو پاکستان کی عمارت جلانے کا ہدف عمران خان نے دیا تھا، احسن اقبال
عمران خان اپنے پسندیدہ چیف جسٹس کی چھتری کے نیچے چھپ نہیں سکیں گے، وفاقی وزیر
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت جلانے کا ہدف عمران خان نے دیا تھا، وہ اپنے پسندیدہ چیف جسٹس کی چھتری کے نیچے چھپ نہیں سکیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے، اپنی رسیدیں دینے کی باری آئی تو آپ رونےلگ گئے، ان کے درجنوں اکاؤنٹ پکڑے جا چکے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان بیرون ممالک سے چندہ اکٹھا کرکے سیاست چلاتے تھے، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو بذریعہ حوالہ ہنڈی پیسہ بھیجنے کا کہا گیا، 190 ملین پاؤنڈ منی لانڈرنگ کے تحت ضبط ہوا، منی لانڈرنگ کے ذریعے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی، آپ نے فنانشنل ٹائمز کیخلاف برطانیہ میں مقدمہ کیوں نہیں کیا، آپ اگر قانونی چارہ جوئی کرتے تو آپ کی چوری برطانیہ میں بھی پکڑی جاتی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اب آپ عدالتوں کے پیچھے چھپ رہے ہیں، آپ اپنے پسندیدہ چیف جسٹس کی چھتری کے نیچے چھپ نہیں سکیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کیا ہے، عمران خان تشدد اور لاقانونیت کے پیچھے چھپ کر بچنا چاہتے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے بعدپی ٹی آئی دوسری جماعت ہے جس نے اسکولوں کوجلایا، پاکستان ایک غیرعلانیہ جنگ کاسامنا کر رہا ہے، عمران خان کے ذریعے معیشت اور سی پیک کو تباہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے چور اور ڈاکو کا کھیل کھیلا، کہتے ہیں میں گرفتارہوگیا نہیں پتا پیچھے کیا ہوا، جب کہ آپ کی گرفتاری کے بعد مراد سعید نے کہا تمام کارکن اپنا ٹاسک پورا کریں، ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلایا گیا، یہ ٹارگٹ آپ نے دیا تھا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی وفاق اور جمہوریت کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، معاشرے میں تقسیم اور نفرت کا وہ زہر گھولا گیا جس کی مثال نہیں ملتی، عمران خان کو گھناؤنا کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔