گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاﺅس پر لگی “امید کی گھنٹی” کا افتتاح کردیا

کراچی ( مئی 13 ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاﺅس پر لگی “امید کی گھنٹی” کا افتتاح کردیا ، گورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کہ یہ گھنٹی بجا کر اب ہر سائل اپنی شکایت کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ گھنٹی کے ساتھ گورنر ہاﺅس کے دروازے پر کیمرا بھی نصب ہوگا تاکہ یہاں آکر لوگ ناامید نہ ہوں، رات 12 سے صبح 8 بجے تک” امید کی گھنٹی” سائلین کے لئے دستیاب ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی مشکلات کے پیش نظر “امید کی گھنٹی”لگانے کا اقدام اٹھایا گیا ہے، جو وعدہ کسی اور نے کیا تھا ہم نے پورا کیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ “امید کی گھنٹی”لگانے کا مقصد مشکل میں گھرے افراد کی داد رسی کرنا ہے، اگر کسی ماں، باپ ، بیٹے کو انصاف نہیں ملتا تو یہ بیل بجا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر عوامی مسائل کے حل پر کام کریں گے، شکایت درج کرنے کے لئے افسران کام کریں گے، عملہ سائل سے درخواست لے گا اور اس کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گورنر ہاﺅس میں جلد جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کریں گے۔ ایک سوال کے جوا ب میں گورنر سندھ نے کہا کہ چھوٹے صوبوں میں اس وقت احساس کمتری جنم لے رہا ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جو سیاست ہورہی ہے اس کا مقصد صرف ذاتی مفاد ہے، ہم صرف عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 21مئی کو مزار قائد پر جمع ہوں گے تاکہ 9مئی کے واقعات کے خلاف افواج پاکستان اور بابائے قوم محمد علی جناحؒ اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت نفاق پھیلانے کا نہیں بلکہ اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کا ہے۔
=========================