“اے آئی سے شیر کی ویڈیو بنا کر گاؤں میں خوف پھیلانے والا نوجوان گرفتار”

بھارتی ریاست تلنگانہ میں اے آئی (مصنوعی ذہانت) سے شیر کی ویڈیو تیار کر کے گاؤں والوں کو خوفزدہ کرنے والا نوجوان گرفتار کر لیا گیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق محکمہ جنگلات کے حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیر کی ایک اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو شیئر کرنے والے نوجوان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔

بدھ کی رات گئے اے آئی سے بنی ویڈیو وائرل ہونے سے ناس پور منڈل گاؤں کے کول کیمیکل کمپلیکس کے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق رہائشی سورم کرن کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی، اس نے یہ فرضی ویڈیو بنا کر علاقے میں بے چینی اور خوف پھیلایا۔

حکام نے بتایا کہ سورم کرن نے اعتراف کیا کہ اس نے ایک مشہور اے آئی ایپلیکیشن کا استعمال کرتے ہوئے شیر کی یہ ویڈیو تیار کی تھی۔

محکمہ جنگلات کے افسران نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں اور واضح کیا کہ علاقے میں کسی قسم کے شیر کی نقل و حرکت کے شواہد موجود نہیں ہیں۔