
اسلام آباد:چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ دہشتگردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وتیرہ ہے، ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں۔
قومی علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا آپس میں ایک گہرا تعلق ہے۔ دفاعی معاہد ہ تاریخی ہے ، اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظینِ حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا۔انہوں نے کہا کہ جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا تو انتشار اور فساد الارض نے وہاں جگہ لی، عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں ، محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ دہشتگردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وتیرہ ہے، ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں، اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا۔معرکہ حق میں اللہ کی نصرت سے کامیابی ملی۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہاکہ علماء قوم کو متحد رکھیں اور قوم کی نظر میں وسعت پیدا کریں
===================
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں، اپوزیشن کو سیاست میں جگہ دی جائے، سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام اور افواج کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جب بھی انتخابات ہوں، پہلے اصلاحات ضروری ہیں تاکہ کسی وزیراعلیٰ پر فارم 47اور وزیراعظم پر “سلیکٹڈ” ہونے کا الزام نہ لگے، کچھ سیاسی قوتیں سوشل میڈیا کے ذریعے اداروں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور ایسے رویے کا مقصد اداروں کو کمزور کرنا ہے، جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے، مجھے خوشی ہوگی کہ مریم نواز سندھ سے الیکشن لڑیں۔ وہ بدھ کے لاہور میں پارٹی کی سینئر کارکن زبیدہ جعفری مرحومہ کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کارکنوں کے درمیان آ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
================
وفاقی حکومت نے بجلی شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کے لیےاہم سنگ میل عبور کر لیا۔
حکومت نے659 ارب60 کروڑ روپےکی ادائیگی کے لیے کامیاب تکمیل کر لی۔
وزیرِ توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ پاور ہولڈنگ کے659 ارب60 کروڑ روپے کے سیٹلمنٹس کی کامیابی سے تکمیل ہوئی، تاریخی لین دین 1225 ارب روپے کے سرکلر ڈیٹ کمی کے منصوبے کا بنیادی جزو ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ 399.6 ارب روپے کے پاکستان انرجی سکوک اول و دوم ری ڈیم کر دیے گئے، سکوک ریڈمپشن پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ مارکیٹ لین دین ہے، 259.7 ارب روپے مختلف سینڈیکیٹڈ فنانسنگ سہولتوں میں سیٹل ہو گئے۔
سیٹلمنٹ نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی مضبوطی ثابت کر دی، اسلامی فنانس ماحولیاتی نظام پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ گیا، حکومت کی توانائی شعبے میں اسٹرکچرل اصلاحات جاری ہیں۔


























