دنیا کے بلند ترین مارخور کے مجسمے کی تنصیب مکمل

وادی کاغان کے مشہور سیاحتی مقام بٹہ کنڈی میں دنیا کا بلند ترین مارخور کا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔

مارخور کے اس مجسمے کی اونچائی 105 فٹ اور چوڑائی 38 فٹ ہے جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

عالیشان زیر تعمیر نجی ہوٹل مالک نے اپنے ہوٹل کے ساتھ مارخور کے مجسمے کے علاؤہ اٹلی کے پیسا ٹاور کی طرز کے ٹاور کی تعمیر بھی شروع کر رکھی جوکہ وادی کاغان میں کسی عجوبہ سے کم نہیں۔

ناران بٹہ کنڈی کے مقام پر زیر تعمیر عالیشان شاہ داؤد ہوٹل کے مالک عبد الشکور خان لغمانی نے بتایا کہ بہت ساری منفرد چیزیں اور بھی ہیں مگر یہاں تنصیب کیا گیا مارخور کا مجسمہ دنیا کا بلند ترین مجسمہ ھے اس کی تنصیب مارخور کے تشخص کو اجاگر کرنا ھے مارخور قومی جانور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے ہوٹل کیساتھ مارخور کے علاؤہ اٹلی کے مشہور 9 منزلہ پیسا ٹاور کی طرز کا فن تعمیر کا ایک اور شاہکار ٹاور یہاں بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔

اس ٹاور کی بھی نو منزلیں رکھی گئی ہیں جو کہ آنے والے وقتوں میں اندرون و بیرون ممالک کے سیاحوں کے لئے گہری دلچسپی کے حامل ہوں گے۔

امسال سردیوں کی آمد کے ساتھ ناران سے اوپر سیاحتی سیزن اختتام کی طرف گامزن ہے۔

آئندہ سال سیاحتی سیزن کے آغاز کے بعد بٹہ کنڈی میں شاہ داؤد ہوٹل ؛ مارخور کا بلند ترین مجسمہ اور ٹاور نہ صرف سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا بلکہ وادی کاغان کی سیاحتی سرگرمیوں میں ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کر سکتا ہے۔