“جدہ میں پانچویں حج کانفرنس اور نمائش 9 سے 12 نومبر تک منعقد ہوگی”

خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں پانچویں حج کانفرنس 9 تا 12 نومبر 2025 جدہ میں ہو گی۔ سعود ی حکام کے مطابق حج کانفرنس اینڈ ایگزیبیشن 1447 ہجری کے پانچویں ایڈیشن کانفرنس کا تھیم ’’فرام مکہ ٹو ورلڈ ‘‘ ( مکہ سے دنیا تک) تک رکھا گیا ہے اور اس کا مقصد عازمین حج کے لئے خدمات کو بہتر بنانا ہے۔ کانفرنس کا اہتمام سعودی وزارت حج و عمرہ نے کیا ہے اور یہ جدہ کے سپرڈوم میں منعقد ہو گی۔

کانفرنس دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی غرض سے سعودی مملکت کے اقدامات کا اولین پلیٹ فارم ہو گی۔چار روزہ کانفرنس میں سعودی عرب اور بیرون ملک سے ماہرین اور متعلقہ شخصیات شرکت کریں گی اور ٹیکنالوجی اورانتظامی ترقی کے حوالہ سے بہترین طریق ہائے کار پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ کانفرنس آپریشنل ، انتظامی اور ٹیکنالوجی کے حوالہ سے حج کے نظام کی افادیت کو بڑھانے کے سعودی مملکت کے عزم کی عکاس ہے۔ اس کا مقصد عازمین حج کی بڑھتی ضروریات کے مطابق ان کو سہولیات فراہم کرنا اور مناسک حج کی آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادائیگی کو یقین بنانا اور عازمین حج و عمرہ زائرین کو بہترین عالمی معیار اور طریق کار کے مطابق بہترین اور پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔

کانفرنس اور نمائش کے دوران شراکت داری کے متعدد تزویراتی معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گےجن کا مقصد حج اینڈ عمرہ ایکو سسٹم کے اندر تعاون کو وسعت دینا اور معلومات کا تبادلہ ہے جس کے نتیجہ میں مقامات مقدسہ پر خدمات کے معیار، سسٹم انٹیگریشن اور ڈیجیٹلائزیشن میں بہتری آئے گی۔