
کراچی
مور خہ 23اکتوبر 2025
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ڈینگی صورتحال پر ہنگامی اجلاس
صوبے بھر میں یونین کونسل سطح پر فیومیگیشن مہم کی ہدایت
صوبے بھر میں 239 ڈینگی وارڈز، 1289 بستروں اور 117 سرکاری لیبارٹریوں میں مفت ٹیسٹ کی سہولت قائم کی گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ
ڈینگی سے بچاؤ کے لیے میڈیا اور تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم شروع کی جائے۔ چیف سیکریٹری سیکریٹری کی ہدایت
کراچی 23 اکتوبر ۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت صوبے میں بڑھتے ہوئے ڈینگی کیسز کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، ڈائریکٹر جنرل صحت، تمام ڈویژنل کمشنرز، میونسیپل کمشنر کراچی میٹروپولیٹن کارپورایشن اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2025 تک صوبہ سندھ میں ڈینگی کے 982 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 641 کراچی اور 178 حیدرآباد سے رپورٹ ہوئے ہیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈینگی مریضوں کے علاج کے لیے 239 اسپتالوں میں خصوصی ڈینگی وارڈز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 1289 بستروں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صوبے کے 117 سرکاری لیبارٹریوں میں مفت ڈینگی ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے جبکہ 23000 ڈینگی ٹیسٹنگ کٹس اسپتالوں میں تقسیم کی گئی ہیں اور صوبے کے پرائیوٹ اسپتالوں میں بھی ڈینگی کے ٹیسٹ کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اجلاس کے دوران ہدایت دی کہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کے تمام ممکنہ مقامات پر فوری اقدامات کیے جائیں اور لاروا کو سائنٹیفک بنیادوں پر اسپرے اور فیومیگیشن کے ذریعے ختم کیا جائے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ صحت اور ڈینگی کنٹرول پروگرام کے افسران کے ساتھ مل کر فیومیگیشن کے مؤثر اقدامات کریں، خصوصاً نرسریوں، ٹائر شاپس، تعمیراتی مقامات اور دیگر پانی جمع ہونے والے علاقوں میں۔ چیف سیکریٹری نے یونین کونسل سطح پر فیومیگیشن پلان ترتیب دینے اور فوری طور پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ عوامی آگاہی کے لیے چیف سیکریٹری نے ہدایت دی کہ میڈیا پر ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں کو ڈینگی سے متعلق احتیاطی تدابیر، علامات اور علاج کے بارے میں معلومات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کو بھی ہدایت کی کہ اسکولوں میں صبح کی اسمبلی کے دوران طلبہ کو ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی دی جائے تاکہ بچوں کے ذریعے گھروں میں بھی شعور بیدار ہو۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع کے اسپتالوں میں قائم ڈینگی وارڈز کا دورہ کریں اور مریضوں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی سے متعلق اقدامات میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ڈینگی کنٹرول روم کو فوری طور پر فعال کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ صوبے بھر میں مؤثر نگرانی اور ہم آہنگی کے ذریعے صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے ٹیسٹ اور علاج مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ نجی اسپتالوں میں بھی ٹیسٹ فیس میں کمی کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں۔ چیف سیکریٹری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی اسپتال یا محکمہ صحت کی ہیلپ لائن 022-9240114 پر رابطہ کریں۔
ہینڈآؤٹ نمبر1149۔۔۔۔ ایف۔آئی۔ جے























