وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وفاقی مشیر سید فیروز شاہ کی جاپانی سفیر سے ملاقات

جاپان کی سیاسی تاریخ میں سانائے تاکائچی کو پہلی خاتون وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کی،تجارت ،سرمایہ کاری ، آئی ٹی سمیت جاپان میں تعلیم اور روز گار کے مواقع پر بات چیت کی گئی

رپورٹ: نعیم اختر

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اورمشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ نے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماٹسو شوئچی ،فرسٹ سیکرٹری ہاشمیوٹو ہیروشی اوراکنامک اینڈ ڈویلپمنٹ قونصلر اشی یوکی سے ملاقات کی ۔اس موقع پر انہوں نے جاپان کی سیاسی تاریخ میں سانائے تاکائچی کو پہلی خاتون وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کی نو منتخب وزیر اعظم سانائے تاکائچی کی قیادت میں جاپان مزید ترقی کرے گا اور دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے میں بھی اہم ترین کردار ادا کرے گا۔جاپانی سفیر سے ملاقات میںپاکستان اور جاپان کے باہمی احترام، دیرینہ دوستی اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی تعلقات کی اہمیت کو اُجاگر کیاگیا۔علاوہ ازیں پاکستان اور جاپان کے درمیان انسانی وسائل کے تبادلے کا فروغ ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں جاپان کے تجربات سے استفادہ کرنے ،تجارت، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور عوام کے مابین تعلقات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت پر روشنی ڈالی گئی جبکہ پاکستانی نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے ،مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبر سیکورٹی، کلاوڈ کمپیوٹنگ، انفار میشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی) اور دیگر جدید ٹیکنالوجی میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے، جاپان میں تعلیم اور روز گار کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا اور اس سے باہر علاقائی استحکام کو فروغ دینے، جامع مکالمے اور تعاون پر مبنی حل کےلئے جاپان کے تعمیری کردار اور مستقل حمایت کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماٹسو شوچی نے ایک مستحکم، خوشحال اور مضبوط مستقبل کو فروغ دینے کےلئے جاپان کی پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی مضبوط دلچسپی پر زور دیا۔مشیرسرمایہ کاری بورڈ سیدفیروز شاہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی تاریخ کا ذکر کیا اور پاکستان کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کی کوششوں کیلئے جاپان کی حمایت کو سراہتے ہوئے جاپان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستانی خواہش کا اظہار کیا۔جاپان کے سفیر نے پاکستان کے ترقیاتی اہداف کی حمایت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے جاپان کے عزم کا اعادہ کیا اور جاپان اور پاکستان کے درمیان اوورسیز ڈویلپمنٹ اسسٹنس کے 70 سال سے زائد عرصے کا ذکر کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماٹسو شوئچی نے کہا کہ جاپان پاکستان کی ترقی میں اپنی شراکت داری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔