سندھ کے کالجز کے نصاب کی نظر ثانی اور ضروری اصلاحات کرنے، روزانہ لائبریری کلاسز کے آغاز اور دیگر اہم فیصلے

کراچی

مور خہ 22اکتوبر 2025

کراچی 22 اکتوبر ۔سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت حیدرآباد ریجن کے کالجز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز نوید رب صدیقی، ریجنل ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد مصطفیٰ کمال اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر حیدرآباد ریجن کے مختلف کالجز کے پرنسپلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کالجز کے نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق نظرثانی کرنے اور جدید بنیادوں پر اصلاحات کرنے، کالجز میں روزانہ کی بنیاد پر “لائبریری کلاسز” شروع کرنے اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ حیدرآباد ریجن کے 72 سرکاری کالجز میں 1 لاکھ 4 ہزار 326 طلباء و طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جن میں 27 بوائز، 25 گرلز اور 20 کو-ایجوکیشن کالجز شامل ہیں۔ ان کالجز میں انٹرمیڈیٹ، ایسوسی ایٹ ڈگری اور چار سالہ ڈگری پروگرامز جاری ہیں جن میں کمپیوٹر سائنس، آئی ٹی، حیاتیات، کیمسٹری، کامرس اور انگریزی جیسے مضامین شامل ہیں۔ سیکریٹری کالجز ندیم الرحمان میمن نے دوران اجلاس سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور دیگر وجوہات سے متاثر 12 کالجز کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اُنہوں نے زور دیا کہ کالجز میں باؤنڈری وال، کلاس رومز اور لیبارٹریز مکمل طور پر فعال ہونی چاہئیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رہ سکیں، سیکریٹری کالجز نے کہا کہ حیدرآباد ریجن میں زیادہ تر طلباء کا انحصار سرکاری کالجز پر ہے، اس لیے حاضری کو داخلے کے اعداد و شمار کے مطابق برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ طلباء کی دلچسپی اور وابستگی برقرار رکھنے کے لیے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔اجلاس میں اساتذہ کی پوسٹنگ، کمی اور پروموشن کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 82 اساتذہ کے پروموشن کیسز متعلقہ اداروں کو بھجوائے جا چکے ہیں، جبکہ ہدایت دی گئی کہ تمام کالجز میں اساتذہ کی تعیناتی درکار مضامین کی بنیاد پر کی جائے، تا کہ کالجز کا تدریسی عمل متاثر نہ ہو، انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ جن کالجز کی ایس این ای کے علاوہ دیگر اساتذہ کی ٹرانسفر کے عمل کو مکمل کیا جاۓ، ندیم میمن نے یہ بھی ہدایت دی کہ انچارج پرنسپلز کے تقرر کے لیے ریجنل کمیٹی انٹرویوز کے ذریعے تقرری کرے گی تا کہ انتظامی حوالے سے سرگرم سربراہ کا انتخاب ممکن بنایا جا سکے۔ سیکریٹری کالجز نے اس موقع پر کہا کہ حیدرآباد ریجن میں نئے آئی ٹی کالجز قیام ہونے تک موجودہ کالجز میں آئی ٹی پروگرامز کے آغاز پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دسمبر میں انٹر کالج سطح پر “کالجز اسپورٹس ویک” کا انعقاد کیا جائے تاکہ طلباء میں مثبت سرگرمیوں کا فروغ ہو۔اس کے علاوہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جن کالجز میں تجاوزات کے مسائل ہیں، وہاں مقامی انتظامیہ کے تعاون سے ان کو ختم کرایا جائے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں پر قبضے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے اور اس عمل کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جاۓ گا۔ سیکریٹری کالجز نے واضح کیا کہ کالجز میں روزانہ کی بنیاد پر لائبریری کلاسز کا آغاز ضروری ہے تاکہ طلباء میں مطالعے کی عادت اور علم سے وابستگی کو فروغ دیا جا سکے۔ سیکریٹری کالج نے کالجز کو مزید بہتر کرنے کے حوالے سے ہرنسپال سے تجاویز جمع کروانے کی بھی ہدایت کردی۔