یوٹیوب کا نیا آٹومیٹک لب سنک فیچر

ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے نیا خودکار لب سنک فیچر متعارف کرایا ہے۔

یوٹیوب کے مطابق اس جدید ٹیکنالوجی کا مقصد ویڈیوز کے کرداروں کے ہونٹوں کی حرکت کو ترجمہ شدہ آواز کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے، تاکہ ویوئرز کو زیادہ قدرتی اور جاندار تجربہ حاصل ہو۔

یوٹیوب کے پروڈکٹ ہیڈ بدھیکا کوٹہ اچی نے کہا کہ یہ فیچر ایک خاص ٹیکنالوجی اسٹیک استعمال کرتا ہے جو اسکرین کے پکسلز کو اس طرح تبدیل کرتا ہے کہ وہ ترجمہ شدہ آواز کے ساتھ بالکل میل کھائیں، اس سے نہ صرف مواد کی بین الاقوامی رسائی بڑھتی ہے بلکہ ویڈیو دیکھنے کا تجربہ بھی مزید انٹرایکٹو اور دلچسپ بن جاتا ہے۔

یہ فیچر فی الحال ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر محدود تعداد میں تخلیق کاروں کے لیے دستیاب ہے، تاکہ یوٹیوب اس کی کارکردگی اور کمپیوٹیشنل حدود کا جائزہ لے سکے۔

ابتدائی طور پر یہ خودکار لب سنک سسٹم انگریزی، ہسپانوی، جرمن، پرتگالی اور فرانسیسی زبانوں کی حمایت کرتا ہے، اور مستقبل میں مزید زبانوں کے لیے اس کی توسیع متوقع ہے۔

یوٹیوب کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے ذریعے تخلیق کار آسانی سے مختلف زبانوں میں مواد پیش کر سکیں گے، جس سے ان کے ناظرین کی تعداد اور عالمی رسائی میں اضافہ ہوگا، اس سے نہ صرف ویڈیوز کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ تخلیق کاروں کو نئے اور مختلف ناظرین تک پہنچنے کا موقع بھی ملے گا۔